بھٹکل،10؍ جولائی (ایس او نیوز) آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسوسی ایشن (اے آئی آئی ٹی اے) کے ریاستی صدر رضا مانوی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 10جولائی سے 17جولائی تک اے آئی آئی ٹی اے کی طرف سے اساتذہ، طلبہ اور والدین کے لئے بعنوان "معلم: معمارِ جہاں تو ہے" ایک آن لائن بیداری مہم چلائی جائے گی۔
مانوی صاحب نے مہم کے پوسٹر کا اجراء کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ وباء کے برے اثرات زندگی کے ہر شعبہ پر پڑے ہیں اور خاص کرکے تعلیم کا شعبہ بہت بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اس پس منظر میں موجودہ حالات مختلف زاویوں سے روشنی ڈالنا، اساتذہ کے مسائل اور ان کے حقوق کے لئے آواز بلند کرنا اور اساتذہ ، طلبہ کے علاوہ والدین کی رہنمائی کرنا اور ان کے اندر عزم و حوصلہ بیدار کرنا اس مہم کے مقاصد میں شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 10 جولائی کی رات میں 8 بجے زوم پر افتتاحی تقریب منعقد ہوگی جس کا افتتاح لیجسلیٹیو کاونسل کے اسپیکر اور سابق وزیر تعلیم بسواراج ہوراٹّی کے ہاتھوں ہوگا۔ جماعت اسلامی ہند کرناٹکا کے امیر حلقہ ڈاکٹر محمد سعد بیلگامی مہمان خصوصی ہونگے۔ اے آئی آئی ٹی اے کے قومی نائب صدر مختار احمد کوتوال تقریب کی صدارت فرمائیں گے۔ اس مہم کے دوران اروند چوکاڈی، مرکزی تعلیمی بورڈ کے ڈائریکٹر سید تنویر احمد، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے رجسٹرار صدیق محمود، اے جے اکیڈیمی کے ڈائریکٹر محمد عبداللہ جاوید، نیو شمس اسکول بھٹکل کے پریسپال لیاقت علی، عظیم پریم جی یونیورسٹی کے پروفیسر مجاہدالاسلام، منگلورو شانتی پرکاشن کے منیجر محمد کنہی، بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن کے سیکریٹری ریاض احمد رون، سابق امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند کرناٹکا جناب اطہراللہ شریف جیسے ماہرین تعلیم ویبینارس کے ذریعے مختلف موضوعات پر اپنے خیالات سے مستفیض فرمائیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 17 جولائی کو منعقد ہونے والی اختتامی تقریب کی صدارت آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسو سی ایش کے قومی صدر عبدالرحیم شیخ صاحب فرمائیں گے۔
پریس کانفرنس کے موقع پر اے آئی آئی ٹی اے کی ریاستی سیکریٹری یاسین بھیبکا، شمالی کینرا ضلع صدر علی منیگار، بھٹکل تعلقہ صدر عمران ملا، اے آئی آئی ٹی اے شعبہ خواتین کی ضلع کنوینر شاہین بدر کے علاوہ رکن مشتاق احمد موجود تھے۔