بھٹکل :16؍اپریل (ایس اؤ نیوز ) مظلوم ، بے سہاروں کا ہاتھ تھام کر انہیں خود مختار بنانا اور کسی کو تکلیف دئیے بغیر اپنی زندگی گزارنا ہی حقیقی دھرم ہے۔ ہائی کورٹ کے وکیل ناگیندرنائک نے ان خیالات کا اظہار کیا۔
وہ یہاں جماعت اسلامی ہند بھٹکل اور سدبھاؤنا منچ بھٹکل کے اشتراک سے دعوت سنٹر میں منعقدہ ’افطار سوہاردا سنگم ‘ پروگرام میں مہمان خصوصی کےطورپر بات کررہے تھے۔ انجمن ڈگری کالج کے پروفیسر آر ایس نایک نے کہاکہ روزہ کا مطلب اپنے خالق سے قریب ہونا ہے۔ اگر ہم نے اپنے حواس و جذبات کی نگرانی نہیں کی اور اپنی روح کی تربیت نہیں کی تو پھر جنت ملنا محال ہے۔
نور جمعہ مسجد کے امام و خطیب مولانا محمدامین رکن الدین ندوی نے بطور تذکیر اپنے مختصر اور پرمغز خطاب میں بتایا کہ روزہ انسانوں کے دلوں میں رحم، ہمدردی اور ایثار کا جذبہ پیدا کرتاہے۔ غریبوں اور بےسہاروں کی بھوک کیا ہوتی ہے روزہ کے ذریعے اس کا تجربہ ہوتاہے۔ انہوں نے کہاکہ روزہ ہمیں درس دیتاہے کہ انسان اپنی صلاحیت، قابلیت، مال و دولت، وقت سب کچھ انسانوں کی بھلائی کے لئے استعمال کرے ، عوام کی تکلیفوں کو دور کرے ۔ جماعت اسلامی ہند بھٹکل کے امیر مولانا سید زبیر ایس ایم نے صدارتی خطاب کیا۔ سدبھاؤنا منچ کے صدر ستیش کمار، سابق رکن اسمبلی جے ڈی نائک، نامدھاری طبقہ کے لیڈر ایم آر نائک، کنڑا ساہتیہ پریشد کے صدر گنگادھر نائک نے بھی اپنے خیالات کا اظہارکیا۔ سدبھاؤنا منچ کے سکریٹری محمد رضامانوی نے افتتاحی کلمات پیش کرتےہوئے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ افطار کے وقت اجتماعی افطار کا انتظام تھا جس میں برادران وطن کے مرد خواتین کی کثیر تعداد شریک تھی۔