ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل: پی ایل ڈی بینک کے صدر سنیل نائک نے پیش کیا استعفیٰ : سیاسی شطرنج کا کھیل شروع

بھٹکل: پی ایل ڈی بینک کے صدر سنیل نائک نے پیش کیا استعفیٰ : سیاسی شطرنج کا کھیل شروع

Wed, 02 Nov 2016 20:25:19    S.O. News Service

بھٹکل:2/نومبر (ایس او نیوز) پی ایل ڈی بینک بھٹکل کے صدر سنیل بی نائک نے بینک صدر  کے عہدے  کواستعفیٰ پیش کئے جانے سے گذشتہ 9ستمبر سے جاری سیاسی رسہ کشی اورآپسی چپقلش اپنے انجام کے آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ 9ستمبر کو بینک کے 9ڈائرکٹروں نے بینک صدر کے رویے سے بیزارہوکر صدر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی تھی ، اس کے بعد ڈائرکٹروں کے دوگروہوں کے درمیان جاری سیاسی شطرنج کا کھیل اپنے انجام کے قریب ہے۔ صدر اپنے عہدے سے استعفیٰ پیش کرنے کے باوجود ہائی کورٹ کے حکم نامے اور کوآپریٹیو اصول و ضوابط کے مطابق 4 نومبر بروزجمعہ کو الیکشن کمشنرنے عدم اعتماد تحریک کے فیصلہ کی پوری تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

بدھ کی صبح ٹھیک 20-10بجے بینک پہنچے بینک صدر سنیل نائک نےبینک کے جنرل مینجر واسو نائک کو اپنا خود کا تحریر کردہ استعفیٰ نامہ سونپا۔ بینک ڈائرکٹروں کی طرف سے عدم اعتماد تحریک پیش کئے جانے کے نتیجےمیں سنیل نائک کو بخوبی اندازا ہوگیا تھا کہ وہ اعتماد کھو چکےہیں، اس کے باوجود سیاسی داؤپیچ اور قانونی ہتھکنڈوں کو استعمال کرتے ہوئے عارضی کامیابی حاصل کی تھی ، لیکن کیا کریں ، اسی ہائی کورٹ نے 26اکتوبر کو عدم اعتماد تحریک پر دئیے گئے امتناعی حکم کو رد کرتے ہوئے فیصلہ لینے کا حکم دیا تو عارضی کامیابی ،ناکامی میں منتقل ہوگئی ، چارو ناچار حتمی طورپر ان کے پاس استعفیٰ دینے کے علاوہ کچھ نہیں بچا  تھا۔ کیونکہ ناراض ڈائرکٹروں نے خفیہ مقام پر پناہ لینے کے نتیجے میں انہیں مناکر عدم اعتماد تحریک میں جیت حاصل کرنے کی امید  چراغوں کے تہوار میں گم ہوگئی ۔ اب کوئی راستہ یا موقع باقی نہیں تھا تو مجبوری میں انہوں نے استعفیٰ پیش کرنےکی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

تعجب کی بات یہ ہے کہ آج تک کاسکارڈ بینک کے نائب صدر ایشور نائک اور ان کے حمایتی ڈائرکٹروں کے خلاف عدالت  کے اندر اور باہرمقابلہ آرائی کرنےو الےبینک صدر سنیل نائک نے ایشورنائک کے خلاف کوئی بات کہے بغیر اپنے استعفیٰ نامہ میں رکن اسمبلی منکال وئیدیا کے خلاف الزامات کی بوچھار کردی ہے۔ آئندہ ودھان سبھا انتخابات کے بی جے پی امیدواروں کی فہرست میں اپنا نام درج کرنےمیں کامیاب ہوئے سنیل نائک کا یہ قدم واضح کرتاہے کہ اب وہ پی ایل ڈی بینک کی ناکامی سے حوصلہ ہارے بغیر اپنی سیاسی شناخت کو مضبوط کرنے کی کوشش میں ہیں۔ کلی طورپر بینک صدر کامعاملہ اغواءکاری، دھمکی ، ہتک عزت، پولس تھانہ میں شکایت، گھیراؤ، عدالت کے فیصلے وغیرہ بینک کی بدنامی کا باعث بنے ہوئے تھے، اسی طرح بینک  کو گھیرے میں لے کرجاری  آپسی الزام تراشی  اور جدوجہد پارٹی سیاست کا رنگ لینے کے پورے امکانات ہیں اور بینک کے باہر سیاسی اسٹیج تیار ہونے کے آثار واضح ہیں۔ یہ تمام اقدامات جمعہ کو ہونے والی عدم اعتماد تحریک پر زیادہ کچھ اثرات تو نہیں ہونے دیں گے لیکن گنتی کاآخری کھیل اور اس دن ہونےو الے فیصلوں اور ہنگاموں کے متعلق عوام میں ابھی تجسس کا باقی رہنا کافی کچھ اشارے دے رہاہے۔

عدم اعتماد تٓحریک کے متعلق جنرل مینجر واسو نائک نے پریس ریلیز کے ذریعے کہاہے کہ 4نومبر کو پی ایل ڈی بینک کے مرکزی دفتر میں عدم اعتمادتحریک کی میٹنگ منعقد ہوگی ، جس کی وجہ سے مرکزی دفتر اور اس سے متصل مرکزی شاخ کے عملے کو کوآپریٹیو الیکشن کمشنر کے حکم کے مطابق چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بینک کے تمام گاہکوں سےتعاون کی  اپیل ہے۔


Share: