ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: یوم جمہوریہ کےموقع پر پیام انسانیت کی طرف سے امن اور بھائی چارگی کا پیغام؛ برادران وطن میں تقسیم کی گئیں مٹھائیاں

بھٹکل: یوم جمہوریہ کےموقع پر پیام انسانیت کی طرف سے امن اور بھائی چارگی کا پیغام؛ برادران وطن میں تقسیم کی گئیں مٹھائیاں

Sat, 29 Jan 2022 12:46:24    S.O. News Service

بھٹکل 29 جنوری (ایس او نیوز) یوم جمہوریہ کے موقع پر ملک بھر میں ایک طرف ترنگا جھنڈا لہرانے کے ساتھ ساتھ  ملک کو آزاد کرانے میں پیش پیش رہنے والے رہنمائوں کو یاد کیا جارہا تھا اور ملک کی گنگاجمنی تہذیب کے گیت گائے جارہے تھے  تو دوسری طرف آل انؑڈیا پیام انسانیت کے بینر تلے یوتھ مریم العلی کے نوجوان برادران وطن کو مٹھائیاں تقسیم کرنے میں لگے ہوئے تھے۔

ملک کے مختلف حصوں میں جہاں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز خطابات کے ذریعے برادران وطن کے جذبات کو بھڑکانے کی مہم چل پڑی ہے، تو وہیں بعض جیالے نوجوان امن اور بھائی چارگی کا پیغام بھی عام کرنے میں لگے ہوئے ہیں، ایسی ہی تحریک میں بھٹکل کے نوجوان بھی شامل ہیں جنہوں نے یوم جمہوریہ کے موقع پر بھٹکل شمس الدین سرکل، شرالی مندر، شرالی پنچایت، فائر بریگیڈ دفتر اور دیگر برادران وطن کے گھروں میں جاکر نہ صرف امن و امان اور بھائی چارگی کا پیغام عام کیا بلکہ اُن میں مٹھائیاں بھی تقسیم کرتے ہوئے اُنہیں بھی مل جل کر اور بھائی چارگی کے ساتھ رہنے کا پیغام دیا اور کسی بھی طرح کی غلط فہمی پائی جانے کی صورت میں مل بیٹھ کر اُسے دور کرنے کی بات کہی۔ اس موقع پر جامعہ اسلامیہ کے استاد  سمیع اللہ صاحب کنڑا میں بھائی چارگی کا پیغام دینے نوجوانوں کےساتھ موجود تھے۔

خوش آئند بات یہ رہی کہ جن جن علاقوں کا نوجوانوں نے دورہ کیا، علاقہ کے لوگوں نے محبت کے ساتھ ان کا والہانہ استقبال کیا اور بھائی چارگی کو عام کرنے کے ان کے اس اقدام کی خوب سراہنا کی، ساتھ ساتھ آپس میں مل جل کر رہنے کے لئے اس طرح کے میل ملاپ کو ضروری قرار دیا۔ کئی ذمہ داران نے بتایا کہ مٹھی بھر لوگ ہوتے ہیں جو آپس میں نفرت اور دشمنیاں پھیلاتے ہیں جس کے نتیجے میں سماج میں دوریاں پیدا ہورہی ہیں، ہمیں مل جل کر ایسی دوریوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

بتاتے چلیں کہ بھٹکل نوائط کالونی کے بالمقابل واقع مریم علی کالونی میں نوجوانوں پر مشتمل یوتھ مریم العلی کے نام سے ایک انجمن قائم کی گئی ہے، جومحلے کے علماء کی سرپرستی وسربراہی میں نوجوانوں کو مختلف طریقوں سے آپس میں متحد رکھ کر ان کی دینی،فکری،علمی اور عملی استعداد کو مستحکم کرنے اور ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں مصروف ہے۔ اس انجمن کی خاص بات یہ ہے کہ نوجوانوں کے آپسی مشورے کے بعد ہر ماہ کے لئے ایک امیر اور نائب امیر کا انتخاب ہوتا ہے،جس کی امارت میں پورے مہینے میں مختلف النوع پروگرام ترتیب دئے جاتے ہیں۔ پروگرام کا لائحہ عمل بھی نوجوان ہی مل بیٹھ کر تیار کرتے ہیں۔


Share: