بھٹکل:3/ اگست(ایس او نیوز)جماعت المسلمین مخدوم کالونی کے سالانہ جلسہ کا انعقاد بروزجمعہ 2ستمبر 2016کو جناب محمد اقبال سعیدی کی صدارت میں مخدومیہ جمعہ مسجد مخدوم کالونی میں منعقد ہوا۔
جلسہ کا آغاز مولوی محمد مزمل ہلارے ندوی کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ حسین زوالقرنین نے حمداور جعفر صادق کندنگوڑا نے نعت پیش کی۔ جماعت کے سکریٹری مولوی محمد شعیب جوکاکو ندوی نے کلماتِ استقبالیہ پیش کئے ۔ جلسہ میں جامع مسجد کے امام و خطیب مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے اجتماعیت اور معاشرے کو مستحکم کرنے کے متعلق خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جس کام کی نسبت اللہ کی طرف ہوتی ہےوہ بہت بڑا کام ہوتاہے۔ معاشرے کو جوڑنے کی فکر لے کر جو جماعت قائم ہوتی ہے وہ سب سے بڑی ہوگی۔ اور اللہ کے نزدیک اس کا بڑا درجہ ہوگا۔ مولانا موصوف نے اجتماعیت و اتحاد پرزور دیتے ہوئے کئی آیات ، احادیث اور مثالوں کو پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہم کسی کی کمزوری و خامی کو نہ دیکھیں بلکہ اچھائیوں اور خوبیوں کو دیکھیں، کام کرنے والوں ،ذمہ داروں کی دل سے قدر کریں گے تو اللہ تعالیٰ مزید عطا کرتاہے۔ وہیں مولانا نے ہدایت بھی دی کہ آپسی اختلافات سے بچتے رہیں، ایک دوسرے کا تعاون کریں ، معاشرے کو زندہ رکھنے کی فکر کرنے کی با ت کہی۔
مخدومیہ جمعہ مسجد کے امام و خطیب مولانا نعمت اللہ عسکری ندوی نے جماعت المسلمین مخدوم کالونی کے ذمہ داروں کو سالانہ جلسہ کے انعقاد پر مبارکبادی پیش کی اور مسجد کوآباد رکھنے ، آپسی محبت ومودت اور اجتماعیت کے متعلق اپنے خیالات کااظہار کیا۔ جماعت المسلمین مخدوم کالونی کے جنرل سکریٹری مولانا شجاع الدین ندوی نے جماعت کے سالانہ رپورٹ کو عوام الناس کے گوش گزار کیا۔ اس کے بعد جماعت کے محاسب جناب تنویر قاضیا نے آمد و اخراجات کی تفصیل پیش کی۔ جلسہ میں عوام الناس کی طرف سے کئے گئے سوالات کا تشفی بخش جواب دیا گیا ۔ جلسہ کی صدارت کرتے ہوئے جناب محمد اقبال سعیدی نے کہا کہ قرآن کو ضابطہ حیات قرار دیا گیا ہے ہمیں اپنی زندگیوں میں قرآن کو ضابطہ حیات بنانے کی ضرورت ہے۔ دنیا و آخر ت میں کامیابی کے لئے مسلمانوں کو اسوہ نبی ﷺ کو اپنانے ، امن و بھائی چارے کی کوشش کرنے کی زور دیتے ہوئے بہترین اشعار کے ساتھ صدارتی خطاب کو ختم کیا۔ ناظم جلسہ مولوی جمیل سدی باپا ندوی کے کلمات تشکر اور مولانا شجاع الدین ندوی کی دعا پر رات ساڑھے گیارہ بجے جلسہ کااختتام ہوا۔ اس موقع پر عوام الناس کے لئے تواضع کا اہتمام کیا گیا تھا۔