بھٹکل 10 جنوری (ایس او نیوز) بھٹکل کارگیدے کے ہورلی سال میں واقع احمد سعید جمعہ مسجد کا توسیعی کام جاری ہے، جس کے لئے عوام الناس سے تعاون طلب کیا جارہا ہے۔ توسیعی کام مکمل ہوتے ہی اس مسجد میں بیک وقت 700 لوگ نماز پڑھ سکیں گے۔
بھٹکل اولڈ بس اسٹائنڈ سے نوائط کالونی اور مدینہ کالونی کا جب رُخ کرتے ہیں تو سڑک کے بائیں جانب پہلے نور جمعہ مسجد، پھر سلمان آباد میں جامع مسجد امام بخاری، آگے جانے پر نوائط کالونی میں تنظیم جمعہ مسجد پھر مدینہ کالونی میں مدینہ جمعہ مسجد بھی نیشنل ہائی وے کے بائیں جانب واقع ہے، اسی طرح ہائی وے کے بائیں جانب ہی جالی بھی ہے جہاں حمزہ جمعہ مسجد بھی قائم ہے، مگر نیشنل ہائی وے کے دائیں جانب صرف ایک ہی جمعہ مسجد نظر آتی ہے جو ہورلی سال میں واقع احمد سعید جمعہ مسجد ہے۔
بھٹکل میں چونکہ نیشنل ہائی وے فورلائن کا کام جاری ہے، ہائی وے کا کام مکمل ہوتے ہی بھٹکل دو حصوں میں بٹنے کےآثار نظر آرہے ہیں، کیونکہ ہائی وے کے درمیان میں ڈیوائیڈر کی دیوار ہوگی اور تیز رفتار ہائی وے پر دائیں جانب سے بائیں جانب جانے کے لئے سڑک کو پار کرنا اسان نہیں ہوگا ایسے میں ہائی وے کا کام مکمل ہوتے ہی جمعہ کی نماز کے لئے مسجد احمد سعید میں نمازیوں کی تعداد میں اچانک اضافہ ہونا طئے ہے، جس کے لئے پیشگی اقدام کے طور پر مسجد کا توسیعی کام شروع کیا گیا ہے۔ اور مسجد انتظامیہ کی طرف سے عوام الناس سے اپیل کی جارہی ہے کہ اس مسجد کی توسیع کےلئے اپنا بھرپور مالی تعاون پیش کریں۔
مسجد کے ایک اہم ذمہ دار مولانا ایس ایم زبیر ندوی نے بتایا کہ مسجد احمد سعید کا افتتاح فروری 2009 میں ہوا تھا، جون 2012 سے یہاں جمعہ کی نماز شروع کی گئی۔ پانچ گُنٹہ زمین پر تعمیر دو منزلہ مسجد میں فی الحال 450 تا 500 لوگ بیک وقت نماز پڑھ سکتے ہیں۔ مسجد کی توسیع کے بعد 200 مزید لوگ یہاں نماز پڑھ سکیں گے۔ بتاتے چلیں کہ جناب سید شکیل ایس ایم (شمع) اس مسجد کےصدر ہیں جبکہ مولوی یاسر برماور ندوی اس مسجد کے سکریٹری ہیں۔