ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بہارکے موتیہاری میں دردناک سڑک حادثہ:بے قابو بس کے پلٹتے ہی بس کو لگ گئی آگ، 27لوگوں کی موت

بہارکے موتیہاری میں دردناک سڑک حادثہ:بے قابو بس کے پلٹتے ہی بس کو لگ گئی آگ، 27لوگوں کی موت

Fri, 04 May 2018 04:09:03    S.O. News Service

مظفر پور،03؍مئی ( آئی این ایس انڈیا / ایس او نیوز) مظفر پور سے دہلی جا رہی بس موتیہاری کے این ایچ -28پر کوٹوا علاقے میں بنگرا کے قریب موگا ہوٹل کے قریب  اچانک پلٹ گئی جس کے نتیجے میں بس میں آگ لگ گئی۔بس میں لگی آگ سے 27لوگوں کی جھلس کر موت ہو گئی ہے۔

اس دردناک حادثے کے ایک گھنٹے کے بعد فائر بریگیڈیئرکی ٹیم موقع پر پہنچی جس سے لوگوں میں غم و ناراضگی ہے۔ذرائع سے ملی اطلاع  کے مطابق بس میں 32افراد سوار تھے جس میں سے پانچ افراد کو ہی باہر نکالا جا سکا ہے، جو بری طرح سے زخمی ہیں اور انہیں علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔زخمیوں میں شرت کماری دربھنگہ، سنجیو کمار سمستی پور، ٹکس چودھری سمستی پور، راجدیو یادو مظفر پور، رنکوکماری اور امت کمار بیگو سرائے شامل ہیں۔

بتا دیں کہ بس میں پچاس سے زیادہ لوگوں کے بیٹھنے کی جگہ تھی، لیکن معلومات کے مطابق بس میں 32لوگ ہی سوار تھے، جو مظفر پور سے دہلی جا رہے تھے۔بتایا جا رہا ہے کہ بس کی رفتار تیز تھی اور ایک گڈھے کی وجہ سے بے قابو ہوکر پلٹ گئی اور اس میں آگ لگ گئی۔دیکھتے ہی دیکھتے بس جلنے لگی۔بس میں سوار لوگوں کو نکلنے کا موقع بھی نہیں ملا۔مقامی لوگوں نے دھواں دیکھا تو پولیس اور انتظامیہ کو اس کی اطلاع دی۔لوگوں نے خود سے بس کی آگ کو بجھانے کی کوشش کی۔لیکن آگ کی شعائیں اتنی تیز تھیں کہ لوگوں کو بچانے میں مشکل آئی اور لوگ محض پانچ افراد کو ہی بس سے باہر نکال سکے۔

آگ لگنے سے بس کا نصف سے زیادہ حصہ جل چکا ہے۔اسپتال میں زخمی لوگوں کو بچانے کا کام کیا جا رہا ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ اے سی بس تھی اور چاروں طرف سے بند تھی جس کی وجہ سے پلٹنے اور آگ لگنے کے بعد لوگوں کی چیخ تک باہر نہیں نکلی جس کی وجہ سے جھلس کر 27 لوگوں کی موت ہو گئی۔جائے حادثہ پر ضلع مجسٹریٹ رمن کمار اور پولیس سپرنٹنڈنٹ اوپیندر کمار شرما پہنچ چکے ہیں اور واقعہ کی مکمل معلومات لے رہے ہیں۔بس کے نیچے ایک کار اور موٹر سائیکل کے بھی دبے ہونے کی اطلاع ملی ہے۔


Share: