ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جے پی امیدواروں کی اکثریت داغدار۔سرجے والا نریندر مودی اور امیت شاہ،ایڈی اور ریڈی گینگ کے درمیان پھنسے ہوئے ہیں

بی جے پی امیدواروں کی اکثریت داغدار۔سرجے والا نریندر مودی اور امیت شاہ،ایڈی اور ریڈی گینگ کے درمیان پھنسے ہوئے ہیں

Wed, 02 May 2018 11:16:36    S.O. News Service

بنگلورویکم؍مئی(ایس او نیوز) اے آئی سی سی کمیونکیشن ڈپارٹمنٹ کے چیف رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی، بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ ریاستی بی جے پی کے رشوت خور لیڈران کی گرفت میں آچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی بی جے پی سے جاری امیدواروں کی فہرست میں اکثریت داغدار امیدواروں کی ہے اور ایسے امیدواروں کو انتخابات لڑنے کا موقع فراہم کیاگیاہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے امیدواروں کو راستہ ہموار کرنے والے بی جے پی کے اعلیٰ لیڈران کا اصول کہاں تک صحیح ہے اس کا اندازہ لگایاجاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ دونوں لیڈران ایڈی یورپا گینگ اور ریڈی گینگ کے درمیان پھنسے ہوئے ہیں۔

پریس کلب آف بنگلور بنگلور رپورمرز گلڈ کے اشتراک سے پریس کلب میں منعقد ’’ پریس سے ملئے‘‘ پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے رندیپ سنگھ سر جے والا نے کہا کہ ای پبلک بلاری کو وزیراعظم نریندر مودی کی تائید حاصل ہے۔ بلاری ای پبلک کی حدود میں جملہ8 امیدوار جن کے خلاف جرائم کے معاملات درج ہیں انہیں اس مرتبہ ٹکٹ جاری کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سری راملو، سوم شیکھر ریڈی، ٹی ایچ سریش بابو، کٹا سبرامنیا نائیڈو، سی ٹی روی، مرگیش نیرانی، کرشنیا شٹی، شیونا گوڈا نائک سمیت فوجداری مقدمہ میں ملوث آر اشوک کو بھی ٹکٹ جاری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈی برادران کے خلاف35ہزار کروڑ روپیوں کی غیر قانونی کانکنی کے معاملات میں6معاملات کو ہٹادیاگیاہے۔ یہ ایک ملک کا ہی سب سے برا گھوٹالہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریاست میں اسمبلی انتخابات کے دوران پارٹی امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم چلانے کے معاملہ میں وزیراعظم نریندر مودی قدم پیچھے کرنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اب ریاست کا دورہ کررہے ہیں، وہ اپنے دورے کے دوران رشوت خوری اور بدعنوانیوں کی باتیں کرتے ہیں۔ اسی طرح کرناٹک کے بی جے پی لیڈران جو رشوت خوری اور بدعنوانیوں میں ملوث ہیں ان کے خلاف بھی انہیں بات کرنی چاہئے۔

مسٹر سرجے والا نے بتایا کہ بی جے پی نے ایڈی یورپا کو وزیراعلیٰ امیدوار کے طورپر اعلان کیاہے۔ ان کے خلاف رشوت خوری، بدعنوانی سمیت مختلف 23معاملات درج ہیں، جس کی سماعت جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ عدالت عظمی میں15معاملات زیر سماعت ہیں۔ جملہ38؍فوجداری معاملات کا ایڈی یورپا سامناکررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ رشوت خور اور بدعنوان لیڈران کے ہاتھوں اگر ریاست میں انتظامیہ کی ڈور دی گئی توریاست میں بدعنوانی اور رشوت خوری کو مزید بڑھاوا ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سدارامیا حکومت نے کانکنی معاملات میں ملزمین کو سزا دینے کے مقصدسے خصوصی جانچ ٹیم تشکیل دے رکھی ہے۔ آنے والے دنوں میں کانکنی معاملات کی ایس آئی ٹی کے ذریعہ جانچ کرائی جائے گی۔ بی آنند سنگھ کو کانگریس میں شامل کرکے اس مرتبہ کانگریس ٹکٹ جاری کرنے کے سوال پر سرجے والا نے کہا کہ قانون سبھی کے لئے ایک ہی ہے جو بھی غلط کیاہو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی ضرور ہوگی۔

کانگریس اس معاملہ میں کسی کی بھی پشت پناہی ہرگز نہیں کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی عوام اپنے آشیرواد کے ذریعہ کانگریس کو دوبارہ برسراقتدار لائیں گے۔کانگریس برسراقتدار آنے کے بعد ریاست کاخزانہ لوٹنے والے افراد کو سخت سزا دلائے گی۔ اس موقع پر بنگلور ترقیات وزیر کے جے جارج، اے آئی سی سی جنرل سکریٹری پریانک چترویدی، سکریٹری سندیپ سنگھ، کے پی سی سی میڈیا سیل کے صدر پرویز رادھا کرشنا موجودتھے۔


Share: