ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جے پی کو جھٹکا، تیجسوی کے بعد اکھلیش نے بھی ممتا بنرجی کی حمایت کا کیا اعلان

بی جے پی کو جھٹکا، تیجسوی کے بعد اکھلیش نے بھی ممتا بنرجی کی حمایت کا کیا اعلان

Wed, 03 Mar 2021 21:56:25    S.O. News Service

کولکاتہ،3؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ہونے کے بعد سیاسی ماحول پوری طرح سے گرم ہے۔ ایک طرف بی جے پی ترنمول کانگریس کے زیادہ سے زیادہ لیڈران و کارکنان کو توڑ کر اپنی طرف کھینچنے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہے، اور دوسری طرف سیکولر پارٹیاں ممتا بنرجی کی حمایت کرنے کا اعلان کرتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کے بعد سماجوادی پارٹی لیڈر اکھلیش یادو نے بھی مغربی بنگال میں ممتا بنرجی کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

اکھلیش یادو نے آج ’رائزنگ یو پی‘ کے اسٹیج سے مغربی بنگال اسمبلی انتخاب میں ترنمول کانگریس کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’میری پارٹی ممتا بنرجی کو اسمبلی انتخاب میں حمایت دے رہی ہے۔ پارٹی کے قومی نائب صدر کرنمے نندا اور پارٹی کے تمام کارکنان اسمبلی انتخابات میں ترنمول کانگریس کے لیے تشہیری مہم چلائیں گے۔‘‘

اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’کچھ دنوں پہلے ان کی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے بات ہوئی۔ میں نے ان سے کہا ہے کہ بنگال میں ترنمول کانگریس کی جیت سماجوادی پارٹی کی جیت ہوگی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بنگال میں اس وقت بی جے پی اور اس کی معاون پارٹیاں چھپی ہوئی ہیں۔ جیسے ہی انتخابات ختم ہوں گے، بی جے پی کی چھپی ہوئی معاون پارٹیاں یو پی آ جائیں گی۔ لیکن ریاستی عوام اب انھیں سبق سکھانے کو تیار ہیں۔‘‘


Share: