پاکوڑ' 18جولائی (ایس او نیوز؍ یوا ین آئی) جھارکھنڈ کے پاکوڑ ضلع میں سماجی کارکن سوامی اگنی ویش کی کچھ لوگوں نے پٹائی کردی۔سوامی اگنی ویش آج یہاں منعقد ایک پروگرام میں حصہ لینے والے تھے ۔ پروگرام میں حصہ لینے سے پہلے ہی مسٹر اگنی ویش کو ان کے ہوٹل کے باہر کچھ لوگوں نے پٹائی کردی۔ سوامی اگنی ویش کے دورے کے خلاف سیاہ پرچم دکھانا شروع کردیا۔ تنازعہ صرف دھکا مکی تک ہی محدود نہیں رہا بلکہ مشتعل لوگوں نے سوامی اگنی ویش کو دھکیل کر نیچے گرادیا اور ان کے کپڑے تک پھاڑ ڈالے ۔اس دوران مسٹر اگنی ویش نے الزام لگایا کہ بی جے پی یووا مورچہ اور اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد کے کارکنوں نے ان پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا تھا کہ جھارکھنڈ ایک پرامن ریاست ہے لیکن اس واقعہ کے بعد میرے خیالات بدل گئے ہیں۔دوسری طرف پورے معاملے کے سلسلے میں ایک مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا اور ٹیلی ویزن چینلوں پر چل رہا ہے جس میں ہجوم سماجی کارکن اور ان کے حامیوں کو مبینہ طورپر پیٹتے ہوئے دکھائی دے رہا ہے ۔خیال رہے کہ سوامی اگنی ویش لٹی پاڑا میں منعقد پہاڑیا سماج کے 195 دامن دیوس کے موقع پر منعقد پروگرام میں حصہ لینے کے لئے آج صبح پاکوڑ پہنچے تھے۔