ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بے گھر افراد کو ریاستی حکومت کی طرف سے خوشخبری۔ 30جون کو ایک لاکھ مکانات کے لئے عرضیاں طلب کی جائیں گی

بے گھر افراد کو ریاستی حکومت کی طرف سے خوشخبری۔ 30جون کو ایک لاکھ مکانات کے لئے عرضیاں طلب کی جائیں گی

Sat, 26 Jun 2021 11:20:11    S.O. News Service

بنگلورو، 26؍جون (ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے ہاؤزنگ وی سومنا نے آج کہا کہ وزیراعظم آواس اسکیم کے تحت غریبوں کو بنگلور اربن ضلع میں ایک لاکھ ہمہ منزلہ مکانات کے لئے عرضیاں طلب کرنے کی کارروائی کا آغاز بروز چہارشنبہ30جون سے ہوگا۔15اگست کو وزیراعلیٰ 5000مکانات تقسیم کریں گے۔آج یہاں ایک لاکھ ہمہ منزلہ مکانات کی تعمیر کے سلسلہ میں راجیو گاندھی ہاؤزنگ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹراور متعلقہ افسروں کے ساتھ میٹنگ کرنے کے بعد انہو ں نے یہ اعلان کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری حکومت نے اقتدار پر آنے کے بعد بنگلور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی حدود میں کئی بنیادی ڈھانچوں کو ترقی دی۔اس کے علاوہ مختلف سرکاری اسکیموں سے استفادہ کرنے سالانہ آمدنی کی حد87,600روپئے سے بڑھا کر تین لاکھ روپئے کردی ہے۔ سومنا نے کہا کہ جو لوگ ہاؤزنگ اسکیم کے لئے عرضیاں داخل کی تھیں، انہیں اب تازہ عرضیاں داخل کرنی ہوں گی۔پرانی عرضیوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم آواس اسکیم کے تحت بنگلور شہری ضلع کی حدود میں محکمہ مالگزاری کے ذریعہ 515ایکڑ زمین تحویل میں لے لی گئی ہے۔پہلے مرحلہ میں مذکورہ اسکیم کے تحت 46,998مکانات تعمیر کرنے کا آغاز ہوچکا ہے۔42361مکانات کی تعمیر کا کام مختلف مرحلوں میں ہے۔

سومنا نے بتایا کہ نومبر 2022تک 80ہزار مکانات تعمیر کرلئے جائیں گے۔وزیر سومنا نے بتایا کہ مکانات کی تعمیر اور مکانات کی تقسیم پوری شفافیت کے ساتھ ہوگی۔ اس اجلاس میں راجیو گاندھی ہاؤزنگ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر بسوراج، چیف انجینئر اور دیگر افسران موجود تھے۔


Share: