منگلورو14؍فروری (ایس او نیوز) الال کے قریب تلپاڈی میں ایک 17سالہ گھریلوملازمہ نے خودکشی کرلی ہے۔خود کو ہلاک کرنے والی لڑکی کا نام ریشمابتایا جاتا ہے جو دبئی میں تجارت کرنے والے محمد کے گھر پر ملازمت کیا کرتی تھی۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق محمد نے دہلی سے تعلق رکھنے والی گھریلو ملازمہ ریشما کو اپنے کزن کے حمید کے گھر پر بھی کام کرنے کی اجازت دے رکھی تھی۔ جب گھر کے تمام لوگ باہر گئے ہوئے تھے اور ریشما گھر پر اکیلی تھی تو اس نے سیلنگ فین سے پھندالگاکر خودکشی کرلی۔شام کو جب گھرو الے واپس لوٹے تو انہوں نے ریشما کی لاش پھانسی سے لٹکتی ہوئی پائی۔مقامی لوگوں نے اس پر شک و شبہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ قتل کا معاملہ ہوسکتا ہے۔اس لئے جب تک فورنسک ماہرین اور میڈیا والے موقع پر نہیں پہنچتے تب تک لاش کو نیچے نہیں اتارا جائے۔
نیٹّے فورنسک ڈپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر مہابلیشور شیٹی نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا کہ یہ خودکشی کا ہی معاملہ لگتا ہے۔پھر بھی پوسٹ مارٹم کی رپورٹ آنے کے بعد ہی قطعی بات کہی جاسکے گی۔ الال پولیس نے کیس درج کرلیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ اس سے قبل ریشما کی بڑی بہن بھی اسی گھر میں ملازمت کیاکرتی تھی۔ اس سال قبل اس کی شادی ہوجانے کے بعد اس کی جگہ پر ریشما ملازمت کرنے کے لئے آئی ہوئی تھی۔امید کی جاتی ہے کہ ریشما کے والدین دہلی سے منگلورو پہنچنے کے بعد شاید خود کشی کے اسباب پر کچھ روشنی پڑسکتی ہے۔