نئی دہلی، 05 اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) لیفٹ پارٹیوں نے جموں کشمیر سے منسلک آئین کے آرٹیکل 370 کو غیر مؤثر بنانے کے مودی حکومت کے فیصلے کو عوام مخالف بتاتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے اس قدم سے جمہوریت اور وفاقی ڈھانچے کا قتل ہوا ہے۔سی پی ایم پولٹ بیورو کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق مودی حکومت نے آرٹیکل 370 ختم کر کے جمہوریت اور آئین پر سخت حملہ کیا ہے۔ پارٹی نے کہا کہ کشمیر کے لوگوں نے اس یقین کے ساتھ خود ہندوستان کے ساتھ ہمیشہ متحد رکھا کہ ان کی ریاست کو ملی خود مختاری اورخصوصی ریاست کا درجہ برقرار رہے گا۔پارٹی نے کہا کہ مودی حکومت نے اس اعتماد کو توڑ جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔پولٹ بیورو نے حکومت کے اس فیصلے کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ محض جموں کشمیر کو ہی متاثر نہیں کرے گا، بلکہ یہ جمہوریت، سیکولرازم اور خود آئین پر حملہ ہے۔سی پی آئی کے قومی سکریٹری اتل کمار انجان نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام شروع سے ہی تمام قسم کی نازک حالات کے باوجود ہندوستان کے ساتھ اظہار یکجہتی سے کھڑی رہی۔جموں کشمیر کا اس قسم سے بٹوارہ کرنا وہاں کے عوام پر ظالمانا حملہ ہے۔انجان نے کہاکہ ضرورت اس بات کی تھی کہ اتنا بڑا فیصلہ کرنے سے پہلے مناسب ماحول بنایا جاتا۔اس سے یہ پیغام گیا ہے کہ مودی حکومت ملک کی دیگر ریاستوں کو بھی کشمیر کی طرز پر کبھی بھی بانٹ سکتی ہے۔ملک کے اتحاد اور سالمیت کے لیے یہ انتہائی بدقسمتی دن ہے۔