بنگلورو،25؍فروری (ایس او نیوز) ریاستی بورڈز اور کارپوریشنوں میں اقتدار کی آرزو لئے بیٹھے جنتادل (ایس) اراکین اسمبلی کے لئے آخر کار وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے خوشخبری دی ہے۔
اطلاع کے مطابق پہلی قسط میں کل 10 اراکین اسمبلی کو پارلیمانی سکریٹری اور بورڈز و کارپوریشنوں میں چیرمین شپ دینے فہرست کو قطعیت دی گئی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق نولگند کے سابق رکن اسمبلی این ایچ کوناریڈی کو وزیر اعلیٰ کے سیاسی سکریٹری کے طور پر نامزد کیا جائے گا جبکہ 3تا 4اراکین اسمبلی کو پارلیمانی سکریٹری اور 6تا 7 اراکین اسمبلی کو اہم بورڈز کارپوریشنوں کی چیرمین شپ دی جائے گی۔ اس سلسلہ میں باقاعدہ حتمی فہرست کسی بھی وقت جاری کی جاسکتی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ فہرست میں راجا وینکپا نائک، ناگنا گوڈا کندکور، بی ستیہ نارائن، شیولنگے گوڈا، ڈاکٹر کے سرینواس مورتی، اشون کمار اور کے گوپالیا کے نام شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کے دیگر رہنماؤں اور سابق اراکین اسمبلی و اراکین کونسل کے لئے بھی جلد ہی نمائندگی کا فیصلہ لیا جائے گا۔