ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جوئیڈا : واٹر ریافٹنگ کے دوران خطرناک صورتحال - ڈوبتی ریافٹ سے بال بال بچا لیے گئے سیاح

جوئیڈا : واٹر ریافٹنگ کے دوران خطرناک صورتحال - ڈوبتی ریافٹ سے بال بال بچا لیے گئے سیاح

Sat, 16 Apr 2022 14:19:02    S.O. News Service

جوئیڈا، 16 ؍ اپریل (ایس او نیوز) جوئیڈا تعلقہ کے گنیش گڈی کے  مقام پر کالی ندی میں ریور ریافٹنگ میں ملوث 12 سیاح اس وقت موت کے منھ میں جانے سے بال بال بچا لیے گئے جب ان کی ریافٹ (کشتی) الٹ کر ایک چٹان سے ٹکرا گئی اور پھر غرقاب ہوگئی ۔
    
بتایا جاتا ہے کہ جو ریافٹ حادثہ کا شکار ہوئی  اس میں 6 تا 8 افراد کی گنجائش تھی مگر حادثہ کے وقت اس میں  12 سیاح سوار تھے جن میں بچے بھی شامل تھے ۔ جس کی وجہ سے یہ کشتی الٹ گئی  ۔ مگر قریب ہی دوسری ریافٹ میں موجود سیاحوں نے بڑی مشقت ریافٹ ڈوبنے سے پہلے اس میں سے سواروں کو نکال لیا ۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی ۔ 
    
رام نگر پولیس اسٹیشن میں اس تعلق سے شکایت درج ہونے کے بعد معاملہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے جوئیڈا کے پولیس انسپکٹر دیا نندا شیگوناسی کی قیادت میں پی ایس آئی ونود ریڈی نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا ۔ کالی ندی میں ایڈونچر اسپورٹس کا اہتمام کرنے والے تمام واٹراسپورٹس کلب کے ذمہ داروں کے ساتھ میٹنگ منعقد کرتے ہوئے ضروری دستاویزات اور اجازت ناموں کا جائزہ لیا ۔ جن بوٹس یا ریافٹس کو اجازت نامہ حاصل نہیں تھا انہیں واٹر اسپورٹس میں استعمال کرنے پر روک لگادی گئی ۔ ایڈونچر اسپورٹس کے تعلق سے حفاظتی انتظامات اور قوانین و ضوابط پر عمل پیرائی کے تعلق سخت ہدایات دیتے ہوئے تنبیہ کی کہ اگر بے قاعدگیاں ہونگی تو ان کے خلاف کڑی کارروائی کی جائے گی ۔ 
    
سیاحوں کا کہنا ہے کہ :" کالی ندی پر سوپا ڈیم  کے نچلے بہاو میں ریافٹنگ اور کیاکنگ سمیت دیگر واٹر اسپورٹس چلانے والی 8  سے زیادہ کمپنیاں ہیں ۔ ان میں سے کچھ پروموٹرس حفاظتی ضوابط کی پوری طرح پابندیاں نہِیں کر رہے ہیں ۔


Share: