نئی دہلی، 11 نومبر (آئی این ایس انڈیا) دہلی ہائی کورٹ نے جمعرات کو شادی کے رجسٹریشن سے متعلق ایک جوڑے کی طرف سے دائر درخواست پر دہلی حکومت سے جواب مانگا۔ جوڑے کے مطابق ان کی شادی 40 سال قبل ہوئی تھی لیکن وہ اسے آن لائن رجسٹر نہیں کر پا رہے ہیں کیونکہ 1981 میں ہونے والی شادی کے وقت ان کی قانونی عمر کی وجہ سے سافٹ ویئر درخواستیں قبول نہیں کر رہا تھا۔ جسٹس ریکھا پلی کی سنگل بنچ نے حکام، علی پور کے ایس ڈی ایم اور شمال مغربی دہلی کے کلکٹر کو ایک درخواست پر نوٹس جاری کیا جس میں شادی کو رجسٹر کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ ان سب کو دو ہفتے میں جواب دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ عدالت نے اب اس معاملے کی سماعت 23 دسمبر کو مقررکی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ جوڑے نے اپنی شادی کا رجسٹریشن کرانے کے لیے تمام دستاویزات کے ساتھ علی پور کے ایس ڈی ایم سے رابطہ کیا لیکن رجسٹریشن نہیں ہوسکا کیونکہ 28 مئی 1981 کو شادی کے دن شوہر کی عمر 21 سال سے کم تھی۔بیوی کی عمر 18 سال سے کم تھی،اس لئے سافٹ ویئر نے درخواست قبول نہیں کی۔