اُڈپی:5؍ فروری (ایس اؤ نیوز)اُڈپی کے سرکاری پی یوکالج میں جاری اسکارف تنازعہ کے متعلق اشتعال انگیز بیان دیتےہوئےکالج کے وقار کو مجروح کرنےوالے کالج ترقی کمیٹی کے نائب صدر یشپال سورنا کو برخاست کرنے کی اپیل کرتےہوئے اسوسی ایشن فار پروٹکشن آف سول رائٹس اُڈپی (اے پی سی آر) کی جانب سے اُڈپی کے ایڈیشنل ڈی سی سداشیو پربھو کو میمورنڈم سونپاگیا۔
یشپال سورنا نے اپنے اشتعال انگیز بیان میں کہا تھا کہ ’’کالج میں جاری حجاب تنازعہ کو ختم کرنے کےلئے زیادہ وقت نہیں چاہئے، اس تنازعہ کو حل کرنے کے لئے ہندوتوا تنظیموں کے لئے صرف پانچ منٹ کافی ہے ‘‘اے پی سی آر نے ان کے بیان پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے ان کی اشتعال انگیزی کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے اور کہا کہ ان کے بیان سے کالج کا وقار مجروح ہوا ہے۔ اے پی سی آر نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے معتصب فرد کو کالج ترقی بورڈ سے ہٹایا جائے، جسے نائب صدر کے عہدہ پر بٹھایا گیا ہے۔ اے پی سی آر نے میمورنڈم میں مطالبہ کیا ہے کہ فوری طورپر انہیں ترقی کمیٹی سے برخاست کرتےہوئے کالج کے وقار کو بحال رکھا جائے اور سماج میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے پر توجہ دی جائے۔