بنگلورو25؍فروری(ایس او نیوز) شہرکی مضافات یلہنکا کی ایربیس علاقہ میں ایروانڈیا 2019 کے دوران کل گیٹ نمبر5 کے پارکنگ مقام پر لگی آگ سے تقریباً 300 سے زائد کاریں جل کر خاکستر ہوچکی تھیں ۔آج ایرشو کے آخری دن ایرشو شروع ہونے سے قبل ہی مرکزی وزیر دفاع نرملاسیتا رمن نے اس علاقہ کا معائنہ کیا ۔
انہوں نے ایرفورس افسروں سے واقعہ کے متعلق مکمل تفصیلات اور آگ لگنے کی وجہ کیا تھی کس طرح سے آگ لگی تھی اس سلسلہ میں جانکاری بھی حاصل کی۔ معائنہ کے دوران یلہنکا ایرفورس اسٹیشن کے افسروں، فائرسرویس کے ڈائرکٹر جنرل ڈیسٹرمینجمنٹ ٹیم کے سربراہ سے تبادلہ خیال کیا۔ انڈین ایرفورس نے آگ حادثہ کے متعلق کورٹ انکوائری کا بھی حکم دیا ہے ۔ اس کے متعلق بھی ایرفورس افسروں نے وزیردفاع کو جانکاری دی۔
وزیردفاع نے کہا کہ چینی مصنوعات پر پابندی عائد کرنا آسان نہیں ہے ۔اگر پابندی عائد کی گئی تو غریب اور درمیانی طبقات پر بوجھ پڑے گا۔ اخباری نمائندوں کی جانب سے اس سوال پر کہ پاکستان کو زیادہ اہمیت دی جارہی ہے ۔اس کے برعکس چین کو کس لئے بھلادیا گیا ہے ۔وزیر دفاع نے کہاکہ چین سے در آمد کم قیمتوں کی مصنوعات سے ہی کئی چھوٹی صنعتیں چل رہی ہیں اس لئے چین کی مصنوعات پر پابندی عائد کی گئی تو اس کا مضر اثر پڑے گا۔
انہوں نے میڈیا سے سوال کیا کہ ہندوستان میں کم قیمت کی مصنوعات کی قیمت اگر آسمان چھونے لگے تو اس کے ذمہ دار کون ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلی حکومت بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کی ہی ہے اور نریندر مودی دوبارہ وزیر اعظم بنیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے عوام کو بی جے پی سے کافی امیدیں ہیں کہ وہ ملک کو درپیش مسائل حل کرے گی جیسے رام مندر۔وزیر دفاع نے عوام سے گزارش کی کہ حکومت نے اس معاملے میں قدم اٹھایا ہے۔
انہوں نے پارٹی کارکن اور عہدیداروں سے کہا ہے کہ ان معاملات میں کوئی شکایت نہ کریں۔ نرملا سیتارمن نے کہاکہ پلوامہ دہشت گردانہ حملہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے ۔تاہم موجودہ حکومت کی جدوجہد اورکوششوں سے دہشت گردانہ حملوں میں کمی آئی ہے۔انہوں نے کہاکہ پچھلے 5برسوں کے دوران دہشت گردی کے واقعات اتنے پیش نہیں آئے جتنے 2014 سے پہلے کی حکومتوں کے دور میں آئے۔