بھٹکل 18/جون (ایس او نیوز) دبئی اور عرب امارات کے شہروں سے بذریعہ چارٹرڈ فلائٹ بھٹکل پہنچنے والے 184 لوگوں میں سے 47 لوگوں کو آج سرکاری کورنٹائن سے گھرجانے کی اجازت دی گئی ہے اور خبر ملی ہے کہ آج دیر شام یہ لوگ اپنے اپنے گھر چلے گئے ہیں جہاں ان کو مزید سات دنوں تک گھر پر ہی کورنٹائن میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ چارٹرڈ فلائٹ کےذریعے راس الخیمہ ائرپورٹ سے مینگلور ہوتے ہوئے جو 184 مسافر بھٹکل لوٹے ہیں، اُن کو 13 جون سے بھٹکل کے دو ہوٹلوں سمیت انجمن کورنٹائن سینٹر میں کورنٹائن کیا گیا ہے، اتوار14 جون اور پیر 15 جون کو ان میں سے 90 لوگوں کے نمونے جانچ کے لئے روانہ کئے گئے تھے، خبر ملی تھی کہ ان سبھوں کی رپورٹ نیگیٹو آئی ہے، مگر ذرائع نے آج بتایا کہ پہلے روانہ کئے گئے سیمپلوں میں سے 47 لوگوں کی رپورٹ نیگیٹو آنے کی تصدیق کی گئی ہے اور بقیہ لوگوں کی رپورٹس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے اس بنا پر آج جمعرات دیر شام کو 47 لوگوں کو گھر روانہ کیا گیا ہے جس میں زیادہ تر حاملہ خواتین اور بچے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ کم و بیش سات عمر رسیدہ لوگوں کو بھی آج گھر جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ آج جن لوگوں کو گھر روانہ کیا گیا ہے یہ سبھی دو ہوٹلوں میں کورنٹائن میں تھے۔
ذرائع کی مانیں تو کل جمعہ شام کو بقیہ لوگوں کی رپورٹس موصول ہونے کی توقع ہے جس کی بنیاد پر دیگر لوگوں کو بھی گھر جانے کی اجازت دی جائے گی۔خبر یہ بھی ہے کہ بدھ کو جن سو لوگوں کے سیمپل جانچ کے لئے روانہ کئے گئے تھے، اُن کی بھی رپورٹس کل یعنی جمعہ شام تک موصول ہونے کے امکانات ہیں۔