بھٹکل 21/جون (ایس او نیوز) دبئی سے چارٹرڈ فلائٹ کےذریعے بھٹکل پہنچنے والے تمام 184 لوگوں کی رپورٹ موصول ہوچکی ہے جس میں ایک کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو آنے پر اُسے کاروار شفٹ کیا گیا ہے تو بقیہ 183 لوگوں کو مزید سات دنوں کے لئے ہوم کورنٹائن پر گھر بھیجا گیا ہے۔
گذشتہ دو تین دنوں سے ان کے رپورٹس موصول ہورہے تھے، جمعہ اور سنیچر کو بھی کورنٹائن لوگوں کے رپورٹس نیگیٹو آنے کے بعد لوگوں کو گھر روانہ کیا گیا تھا، آج دیگر تمام لوگوں کے بھی رپورٹس نیگیٹو آنے پر تماموں کو گھر روانہ کیا گیا۔ اس طرح دبئی سے چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے بھٹکل پہنچنے والے تمام لوگ ہوٹلوں اور کورنٹائن سینٹر سے رخصت ہوچکے ہیں۔ بتاتے چلیں کہ انجمن کورنٹائن سینٹر میں آج اتوار کو سب سے زیادہ 41 لوگوں کو گھر جانے کی اجازت دی گئی۔
پتہ چلا ہے کہ دو تین دن پہلے دبئی سے آئے ہوئے دو لوگ ایک ہوٹل میں کورنٹائن ہیں، اسی طرح ریاض (سعودی عربیہ) سے بھی آج رات کو دو لوگ بھٹکل پہنچنے والے ہیں، اُنہیں بھی اُسی ہوٹل میں کورنٹائن کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ ممبئی سے لوٹنے والے جن چار لوگوں کی اور یوپی سے آنے والے جس ایک شخص کی رپورٹ آج پوزیٹو آئی تھی، اُن پانچوں کو کاروار انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (کمس) روانہ کیا گیا ہے۔