ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دو سال کے بعد بھاجپا کی قومی ایگزیکٹو کی ہائبرڈ میٹنگ کا آغاز کل سے آئندہ اسمبلی انتخابات اہم ایجنڈے میں سرفہرست ہیں

دو سال کے بعد بھاجپا کی قومی ایگزیکٹو کی ہائبرڈ میٹنگ کا آغاز کل سے آئندہ اسمبلی انتخابات اہم ایجنڈے میں سرفہرست ہیں

Sat, 06 Nov 2021 22:02:55    S.O. News Service

نئی دہلی،6نومبر (آئی این ایس انڈیا ) کرونا وائرس کی پابندیوں کی وجہ سے دو سال تک ملتوی ہونے کے بعد اب اتوار کو بی جے پی کی قومی ایگزیکٹو میٹنگ کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔اس میٹنگ میں بنیادی طور پر اگلے سال اتر پردیش، پنجاب، گوا اور دیگر ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی اور کرونا ویکسی نیشن کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس میٹنگ میں پارٹی لیڈران کی طرف سے100 کروڑ ویکسین کے ہدف کو عبور کرنے پر وزیر اعظم مودی کے اس کا سہرا باندھتے ہوئے ایک قرارداد پاس کرنے کا امکان ہے۔ میٹنگ کا آغاز بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کی افتتاحی تقریر سے ہوگا۔یہ بی جے پی کی پہلی قومی ایگزیکٹو میٹنگ ہے، جس کا انعقاد ہائبرڈ طریقۂ کار سے کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں ملک بھر سے پارٹی کے لیڈران شرکت کریں گے، جب کہ کئی دیگر اہم لیڈران شرکت کے لیے نئی دہلی پہنچیں گے۔

اجلاس کے اختتام پر وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر ہوگی۔ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق بی جے پی نے ہدایت دی ہے کہ پارٹی کے قومی صدر کے علاوہ مرکزی وزراء، دہلی کے قومی عہدیدار اور قومی ایگزیکٹیو ممبران میٹنگ میں فیزیکلی شرکت کریں گے۔ دیگر تمام نیشنل ایگزیکٹو ممبران، پارٹی کے ریاستی صدور اور جنرل سیکرٹریز شرکت کریں گے۔دو سال بعد ہونے والی اس میٹنگ میں بی جے پی بنیادی طور پر اگلے اسمبلی انتخابات کے لیے اپنی حکمت عملی اور مختلف ریاستوں میں اپنی پوزیشن پر تبادلہ خیال کر کے انتخابات میں جیت کیلئے غور و خوض کرے گی ۔واضح ہو کہ2022 کی پہلی ششماہی میں اتر پردیش، اتراکھنڈ، گوا، منی پور اور پنجاب میں اسمبلی انتخابات ہوں گے۔ ان تمام ریاستوں میں پنجاب واحد ریاست ہے جہاں بی جے پی کی حکومت نہیں ہے۔ بی جے پی اس میٹنگ میں اس بات پر بھی بات کرے گی کہ گزشتہ یوپی اسمبلی انتخابات کا ریکارڈ برقرار رکھا جائے۔


Share: