منگلورو،13؍جون (ایس او نیوز؍) دکشن کنڑاضلع انتظامیہ نے 40 گاؤں کے ساتھ ساتھ اُلّال، سومیشور، کوٹیدار اوربیلتنگڈی شہری علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے، جہاں کووڈ-19 پازیٹیوٹی ریٹ زیادہ ہے۔ ضلع انچارج وزیر کوٹہ شری نیواس پجاری کی صدارت میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں اس سلسلے میں ایک میٹنگ ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ضلع میں پوزیٹیوٹی ریٹ کم نہیں ہو رہی ہے اور کووڈ ریٹ کو کم کرنے کے لیے سخت منصوبے نافذ کرنا اہم ہے اور ساتھ ہی کووڈ ٹیسٹ بڑھانا ہوگا۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر نَلِن کمار کٹیل نے کہا کہ عوام کووڈ-19 کو سنجیدگی سے نہیں لے رہا ہے۔ لاک ڈاؤن کے باوجود کئی لوگ بلا وجہ گھوم رہے ہیں، پازیٹیوٹی ریٹ کو کم کرنے کے لیے عوام کو کووڈ کی ہدایات پر عمل پیرا ہونا چاہئے۔
دکشن کنڑا کے ڈپٹی کمشنر راجیندر کمار نے یہاں کہا کہ لاک ڈاؤن کے ضابطوں میں اب نرمی نہیں کی جا سکتی کیونکہ ہمارے لیے پوزیٹیوٹی ریٹ کم کرنا مشکل ہوگا، ساتھ ہی پرائمری ہیلتھ سینٹر کو آلہ، لیب ٹیکنیشین اور گاڑیوں کی سپلائی کے لیے ضروری کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ضلع میں لاک ڈاؤن کو 21 جون تک بڑھا دیا گیا ہے، بینکوں کو صبح آٹھ بجے سے دوپہر 12 بجے تک کام کرنے کی اجازت ہے جبکہ ضروری اشیاء فروخت کرنے والی دکانیں، عینک کی دکانیں، گیرج اور گاڑی ٹھیک کرنے کی دکانیں، صبح چھ سے دوپہر 12 بجے تک کھلی رہیں گی۔
ضلع انتظامیہ نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری آمد و رفت سے بچیں اور لاک ڈاؤن کے دوران اپنے گھروں میں رہیں۔