ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / راجیو گاندھی قتل میں مجرم پیرارولن کی درخواست مسترد

راجیو گاندھی قتل میں مجرم پیرارولن کی درخواست مسترد

Wed, 14 Mar 2018 20:41:01    S.O. News Service

نئی دہلی ،14؍ مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سپریم کورٹ نے راجیو گاندھی قتل میں مجرم ٹھہرائے گئے اے جی پی پیرارولن کی عرضی آج مسترد کر دی۔پیرارولن نے 1999 میں اس قتل میں اسے مجرم ٹھہرانے کا فیصلہ واپس لینے کی درخواست کی تھی۔جسٹس رنجن گوگوئی، جسٹس آر بھانومتی اور جسٹس ایم شاتاناگودر کی تین رکنی بینچ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسے پیرارولن کی سزابرقرار رکھنے والے 1999 کے اس فیصلے میں مداخلت کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔اس سے پہلے، سی بی آئی نے بھی پیرارولن کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس میں کوئی ٹھوس مسئلہ نہیں بتایا گیا ہے۔راجیو گاندھی قتل میں وسیع سازش کے پہلوؤں کی تحقیقات کے لیے قائم تفتیشی بیورو کی کثیر جہتی نگرانی ایجنسی نے عدالت میں دائر ایک حلف نامے میں کہا تھا کہ اس قتل کی سازش میں پیرارولن کے کردار کو پہلے ہی سپریم کورٹ صحیح ٹھہرا چکا ہے۔عدالت عظمی نے اس کے ساتھ ہی آج کثیر جہتی نگرانی ایجینسی سے کہا کہ وہ چار ہفتوں کے اندر اپنی انکوائری کی پیش رفت رپورٹ داخل کرے۔ایجنسی نے کہا تھا کہ عدالت کا 11 مئی، 1999 کا فیصلہ واپس لینے کے لیے دائر درخواست قابل غور نہیں ہے کیونکہ اس میں اس معاملے کو پھر سے شروع کرنے کی درخواست کی گئی ہے جس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کا 21مئی، 1991 کو تامل ناڈو کے شری پیرمبدور میں ایک انتخابی اجتماع کے دوران بم دھماکہ سے قتل کر دیا گیاتھا۔اس دھماکے میں راجیو گاندھی اور 15دیگرافراد مارے گئے تھے۔


Share: