ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رام مندر تعمیر پر ہندو سماج کو مشتعل کرنے کا منصوبہ تیار آر ایس ایس اور وی ایچ پی کمر بستہ،کل سادھو۔سنتوں کا اجلاس

رام مندر تعمیر پر ہندو سماج کو مشتعل کرنے کا منصوبہ تیار آر ایس ایس اور وی ایچ پی کمر بستہ،کل سادھو۔سنتوں کا اجلاس

Thu, 04 Oct 2018 11:26:30    S.O. News Service

نئی دہلی، 4؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) اگلے عام انتخابات 2019سے قبل رام مندر تعمیر کا سوال ایک بڑے سیاسی مدعے کے طور پر اچھالا جا رہا ہے اور اس کے نام پر تقسیم کاری کا کھیل بھی شروع ہو چکا ہے۔ آر ایس ایس سے وابستہ تنظیم وی ایچ پی نے تو5؍اکتوبر کو باقاعدہ ایک اجلاس طلب کیا ہے جس میں ملک بھر کے سادھوؤں کو مدعو کیا گیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ وی ایچ پی کے اجلاس کے بعد ایودھیا میں رام مندر تعمیر کی تحریک شروع ہو جائے گی۔وی ایچ پی کے کنوینر سریش سی سنگھ نے5؍ اکتوبر کو ہونے جا رہے اجلاس کے حوالہ سے بتایا کہ سادھو، سنیاسی آستھا (عقیدہ) کے نام جمع ہو رہے ہیں۔ ہم سب کی ایک ہی فکر ہے کہ رام مندر کی تعمیر کس طرح کی جائے کیوں کہ ملک کے عوام رام مندر کا اور انتظار نہیں کر سکتے۔ایک طرف جہاں وی ایچ پی کی جانب سے رام مندر تعمیر کے نعرے بلند ہو رہے ہیں وہیں دوسری طرف سریش نے یہ بات بھی دوہرائی کہ عدالت پر انہیں پورا یقین ہے اور عدالتی فیصلہ کے بعد ہی رام مندر تعمیر کی راہ ہموار ہوگی۔ حالانکہ بابری مسجد کی شہادت کے وقت عدالتی حکم عدولی کرنے کے حوالہ سے جب سوال کیا گیا تو ان کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔وی ایچ پی کنوینر سے بات چیت کے بعد ایک بات تو صاف ہو جاتی ہے کہ5؍اکتوبر اور اس کے بعد رام مندر تعمیر پر ہندو سماج کو مشتعل کرنے کا منصوبہ تیار ہو چکا ہے۔ ایودھیا سے بھی اسی طرح کے اشارے پچھلے ایک مہینے سے مل رہے ہیں، صاف ہے کہ کٹر ہندو تنظیمیں اب کچھ بھی کر گزرنے کو تیار ہیں۔سپریم کورٹ میں چل رہے بابری مسجد۔رام جنم بھومی تنازعہ پر آر ایس ایس سے لے کر بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی تک پچھلے دو مہینے سے کافی فعال ہیں۔ ہری دوار میں2؍ اکتوبر کو آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے سیدھے سیدھے کہہ دیا کہ اپوزیشن جماعتیں رام مندر کی مخالفت نہیں کر سکتیں کیوں کہ رام ملک کی اکثرت کے دیوتا ہیں۔ نیز انہوں نے یہ بھی کہا، ’’حکومتوں کی حدود ہوتی ہیں اور انہیں بندشوں میں کام کرنا ہوتا ہے لیکن سادھو، سنیاسیوں پر کوئی بندش نہیں ہوتی۔‘‘ظاہر ہے کہ سپریم کورٹ کی اگلی سماعت سے قبل رام مندر کو ایک بڑے سیاسی و مذہبی سوال میں تبدیل کرنے کی پوری تیاری ہے۔ سبرامنیم سوامی نے موہن بھاگوت کے بیان کے بعد کہا کہ اب رام مندر تعمیر کو کوئی نہیں روک سکتا کیوں کہ سارا معاملہ سیٹل (طے شدہ) ہے۔جس طرح مرکز کی مودی حکومت اقتصادی محاذ پر بری طرح ناکام ہو رہی ہے اور رافیل سمیت تمام معاملات میں گھر رہی ہے اسی تناظر میں آر ایس ایس اور وی ایچ پی سمیت تمام کٹر ہندو تنظیموں کی طرف سے رام مندر تعمیر کے نام پر ہندو ووٹوں کو مائل کرنے کا عمل نظر آ رہا ہے۔ سال2019 کے جنوری مہینے میں اردھ کمبھ کی تیاری اور رام مندر تعمیر کے حق میں بنائے جا رہے ماحول کو جوڑ کر دیکھنا ضروری ہے۔ اس تناظر میں صاف ہے کہ سنگھ پریوار رام مندر تحریک جلد شروع کرنے کے لئے کمر بستہ ہے۔


Share: