نئی دہلی،29؍ جون(ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس صدر راہل گاندھی کے بیان کے بعد پارٹی میں استعفیٰ کی جھڑی لگ گئی ہے - جمعہ کو متعدد ریاستی صدور سمیت 120 عہدے داروں نے استعفیٰ دے دیا ہے -لوک سبھا انتخابات میں ہزیمت آمیز شکست کے بعد راہل گاندھی پارٹی صدر کا عہدہ چھوڑنے پر بضد ہیں - حال ہی میں انہوں نے اپنے درد کا اظہار کرتے ہوئے کہاتھاکہ ان کے استعفیٰ کے بعد کسی بھی وزیر اعلیٰ جنرل سکریٹری یا ریاستوں کے پارٹی صدور نے شکست کی ذمہ داری لیتے ہوئے استعفیٰ نہیں دیا- حالانکہ مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ اور ریاستی کانگریس صدر کمل ناتھ نے کہا ہے کہ انہوں نے عہدے سے استعفیٰ کی پیش کش کرتے ہوئے شکست کی ذمہ داری لی تھی - استعفیٰ دینے والوں میں دلی کانگریس کے کارگزار صدر راجیش لیلوٹھیا بھی شامل ہیں - اس کے علاوہ ہریانہ کی ریاستی خاتون کانگریس صدر سمترا چوہان نے بھی اپنا استعفیٰ دے دیا ہے - شکست کے بعد راہل گاندھی پارٹی صدر کے عہدے پر نہیں رہنا چاہتے - کانگریس کے سینئر لیڈر انہیں منانے کی مسلسل کوشش کررہے ہیں - راہل گاندھی کے بیان کے بعد پارٹی کے عہدے داروں نے راہل گاندھی کو استعفیٰ بھیج دیا ہے -ایک سادھے پیپر پر 120 عہدے داروں نے دستخط کئے ہیں جس میں اے آئی سی سی سکریٹری،یوتھ کانگریس، خواتین کانگریس عہدے دار شامل ہیں - ذرائع کے مطابق اس کاغذ پر مزید عہدے دار دستخط کرسکتے ہیں -یہ بھی کہا جارہا ہے کہ راہل گاندھی کے احترام میں استعفیٰ دئے جارہے ہیں -