ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رواں سال 2لاکھ ہندوستانی سفرحج پر جائیں گے 48 فیصد خواتین شامل -عازمین کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح:نقوی

رواں سال 2لاکھ ہندوستانی سفرحج پر جائیں گے 48 فیصد خواتین شامل -عازمین کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح:نقوی

Mon, 10 Jun 2019 10:48:45    S.O. News Service

ممبئی،10جون، (ایس او نیوز؍یو این آئی) اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ اس سال ملک کے21ہوائی اڈوں سے500سے زیادہ پروازوں کے ذریعے ریکارڈ دو لاکھ ہندوستانی عازمین کسی سبسڈی کے بغیر سفر حج پر روانہ ہوں گے -مسٹر نقوی نے یہاں ممبئی میں حج ہاؤس میں پرائیویٹ ٹور آپریٹروں (پی ٹی او) کے نمائندوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان عازمین میں ایک لاکھ 40ہزار افرادہندوستانی حج کمیٹی اور60ہزار پرائیویٹ ٹور آپریٹروں کے ذریعے حج پر جائیں گے - پرائیویٹ ٹور آپریٹروں کو بھی 10ہزار عازمین حج کو حج کمیٹی کے مقرر کردہ پیکیج پر ہی لے جانا ہوگا-مسٹر نقوی نے کہا کہ اس بار شفافیت اور حج مسافروں کی سہولت کے لیے پرائیویٹ ٹور آپریٹروں کا بھی پورٹل حج ڈاٹ این آئی سی ڈاٹ ان/پی ٹی او (پورٹل فار حج گروپ آرگنائزرس)بنایا گیا ہے جس میں تمام مجاز پی ٹی او کے پیکیج وغیرہ کی معلومات دی گئی ہیں - اس سال تقریباً725پرائیویٹ ٹور آپریٹر عازمین حج کوسفر حج پر لے کر جائیں گے - نقوی نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں عازمین حج کی حفاظت اور سہولیات شامل ہیں اور اس معاملے میں کسی طرح کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی- زیادہ تر پرائیویٹ ٹور آپریٹر اچھا کام کر رہے ہیں - لیکن اقلیتی امور کی وزارت کو کچھ پرائیویٹ ٹور آپریٹروں کے خلاف سنگین شکایات موصول ہوئی ہیں جن کی بنیاد پر ان کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے - اس سال تین پی ٹی او کو سنگین شکایات کے بعد بلیک لسٹ کیا گیا ہے - گزشتہ برس بھی کئی پرائیویٹ ٹور آپریٹروں کے خلاف سخت کارروائیاں کی گئی تھیں -مسٹر نقوی نے کہا کہ اس سال بغیر محرم (مرد رشتہ دار) کے حج پر جانے والی خواتین کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے - اس سال2340خواتین بغیر محرم کے سفر حج پر جا رہی ہیں - اس کے علاوہ ہندوستان سے جانے والے2لاکھ عازمین حج میں تقریباً 48فیصد خواتین شامل ہیں -حج کے لئے پروازیں 4جولائی 2019سے شروع ہو رہی ہیں -4جولائی کو دہلی، گیا، گوہاٹی اور سری نگر سے فلائٹس روانہ ہونے لگیں گی- بنگلور7جولائی، کالیکٹ7جولائی، کوچین 14جولائی، گوا13جولائی، منگلور17جولائی، ممبئی14جولائی،21جولائی، سری نگر21جولائی سے عازمین حج روانہ ہوں گے -دوسرے مرحلے میں احمد آباد20جولائی، اورنگ آباد22جولائی، بھوپال21جولائی، چنئی31جولائی، حیدرآباد 26جولائی، جے پور20جولائی، کولکتہ25جولائی، لکھنؤ20جولائی، ناگپور25جولائی، رانچی21جولائی اور وارانسی29جولائی کو سفر حج کی پروازیں شروع ہو جائیں گی- نقوی نے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے ہندوستان کا حج کوٹہ دو لاکھ کئے جانے کا ہی نتیجہ ہے کہ آزادی کے بعد پہلی بار اتر پردیش، مغربی بنگال، آندھرا پردیش اور بہار سمیت ملک کی سبھی بڑی ریاستوں کے سبھی درخواست گزار حج 2019پر جا رہے ہیں - نقوی نے کہا کہ مودی حکومت کی جانب سے حج کا پورا عمل سو فیصد آن لائن / ڈیجیٹل کرنے سے جہاں ایک طرف شفافیت یقینی ہوئی ہے وہیں دوسری جانب سفر حج سستا ہوا جس سے ہندوستان سے حج پر جانے والے لوگوں کوسہولت ہوئی ہے -عازمین حج کی طبی سہولت کے لئے مکہ میں 11اور مدینہ میں 3ہیلتھ سینٹر کا انتظام کیا گیا ہے - اس کے علاوہ مکہ میں تین اور مدینہ میں ایک اسپتال کا انتظام کیا گیا ہے - اس کے علاوہ620حج کوآرڈی نیٹر، اسسٹنٹ حج افسر، حج اسسٹنٹ، ڈاکٹر، پارامیڈک وغیرہ کی تقرری کی گئی ہے جس میں بڑی تعداد میں خواتین شامل ہیں -


Share: