ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریزرو بینک کی جانب سے ایس بینک پر پابندی سے ذرا پہلے گجرات کی کمپنی نے اپنے کھاتے سے نکالے تھے 265کروڑ روپے!

ریزرو بینک کی جانب سے ایس بینک پر پابندی سے ذرا پہلے گجرات کی کمپنی نے اپنے کھاتے سے نکالے تھے 265کروڑ روپے!

Sat, 07 Mar 2020 22:20:10    S.O. News Service

وڈودرا،7/مارچ (ایس اونیوز) ملک کی بدترین اقتصادی صورتحال کے ساتھ بڑے بڑے بینکوں کے دیوالیہ ہونے اور کئی بدحال بینکوں کو دوسرے بینکوں کے ساتھ ضم کرنے کی مرکزی حکومت کی پالیسی نے عام کھاتے داروں اور شیئر ہولڈرس کو بحرانی کیفیت میں مبتلا کردیا ہے۔ 

تازہ ترین معاملہ’ایس بینک‘ کا ہے جو ملک کا ایک بڑا اور نامور بینک ہے۔ قرضہ جات کی وصولیابی نہ ہونے اور قرضہ جات منظور کرتے وقت غفلت اور بے پروائی کا مظاہرہ کرنے اورسنگین انتظامی مسائل کے پیش نظر ریزروبینک نے ایس بینک کے معاملات اپنی تحویل میں لیے ہیں اور کھاتے داروں کو پچاس ہزار روپوں سے زیادہ رقم نہ نکالنے کی پابندی لگادی ہے۔ 

لیکن حیرت انگیز بات یہ سامنے آئی ہے کہ ایس بینک پر ریزرو بینک کی پابندی لگنے کے صرف ایک دن قبل گجرات کی وڈودرا اسمارٹ سٹی ڈیولپمنٹ کمپنی جو وڈودرا میونسپل کارپوریشن کی اسپیشل پرپز وہیکل (ایس پی وی) ہے، اس نے اپنے کھاتے سے بیک وقت 265کروڑ نکال لیے تھے۔اس معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے ایس پی وی کے چیف ایکزیکٹیو آفیسر اور وڈودرا میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی کمشنر سدھیر پٹیل نے بتایا کہ یہ رقم مرکزی حکومت کی طرف سے اسمارٹ سٹی مشن کے لئے موصول ہوئی تھی اور ایس بینک میں جمع کی گئی تھی۔ لیکن ایس بینک کو درپیش مسائل دیکھتے ہوئے دو دن پہلے یہ رقم بینک سے نکال لی گئی اور بینک آف بردڈا کے نئے کھاتے میں جمع کردی گئی۔


Share: