بھٹکل 30 مارچ (ایس او نیوز) ساحل آن لائن کے رفیق کار مولوی سید سالک برماور ندوی کی اہلیہ کلثوم نرمین کے انتقال پر ساحل آن لائن کے سبھی اسٹاف نے ان کی رہائش گاہ پر پہنچ کر مولوی سید سالک صاحب کے ساتھ گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام پیش کیا، ساتھ ساتھ انہیں ہمت و حوصلہ کے ساتھ آگے بھی کام کرنے کی تلقین کی۔
ان کی اہلیہ 26 سالہ کلثوم نرمین 24 مارچ بروز جمعرات کو حیدرآباد میں انتقال کرگئی، جناب سالک نے بتایا کہ وہ ہمیشہ کی طرح گھر کے کام کاج سے فارغ ہوکر بدھ 23 مارچ کو تدریسی خدمات کے لئے اسکول گئی تھی ، اُس وقت تک وہ بالکل ٹھیک ٹھاک اور صحت مند لگ رہی تھی، مگر اسکول پہنچنے کے بعد اچانک اسکول سے ان کی اہلیہ نے فون کرکے سید سالک صاحب کو خبر دی کہ اُن کی طبیعت خراب ہوگئی ہے، سالک صاحب فوراً اسکول پہنچے اور انہیں اپنے ساتھ بائک پر بٹھا کر دواخانہ لے گئے۔ مگر یہاں طبیعت سدھرنے کے بجائے بگڑتی چلی گئی، اس دوران محترمہ نرمین نے اپنے شوہر اور والدین سے آخری ملاقات کرتے ہوئے معافی تلافی کی اور اپنے لئے دعاوں کی درخواست کی، ذکر واذکار کے دوران رات قریب دس بجے اس پر دل کا دورہ پڑا، پھر جمعرات کو صبح کی اولین ساعتوں میں وہ اپنے شوہر، دو معصوم بچوں اور والدین کو ہمیشہ ہمیش کے لئے چھوڑ کر داعی اجل کی آواز پر لبیک کہہ گئی۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ میت حیدرآباد سے بذریعہ ایمبولنس بھٹکل لائی گئی اور جمعہ صبح قریب ساڑھے دس بجے نوائط کالونی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔
ان کی اہلیہ کے اچانک انتقال پر جناب سید سالک صاحب بہت زیادہ صدمے میں ہیں، شہر کے تقریباً تمام معززین ، رشتہ دار، دوست احباب اور عوام کی ایک بڑی تعداد ان کے مکان پر پہنچ کر تعزیتی کلمات پیش کئے ہیں اور مرحومہ کے حق میں مغفرت کی دعائیں فرمائی ہیں۔ اس موقع پر ساحل آن لائن کے مدیر سمیت دیگر اسٹاف بھی ان کے مکان پر پہنچ کر جناب سید سالک صاحب کی ہمت بندھائی اور صبر کرنے کی تلقین کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو غریق رحمت کرے، ، اس کی بال بال مغفرت فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے، بالخصوص سالک صاحب کو ہمت و حوصلہ عطا فرمائے۔ اٰمین