ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرسی میں رات کو دو گروپوں کے درمیان ہاتھاپائی کے بعد ایس ڈی پی آئی ممبر کی نعش برآمد

سرسی میں رات کو دو گروپوں کے درمیان ہاتھاپائی کے بعد ایس ڈی پی آئی ممبر کی نعش برآمد

Wed, 24 Apr 2019 18:54:02    S.O. News Service

بھٹکل 24/اپریل (ایس او نیوز)  ضلع اُترکنڑا کے سرسی میں  ایس ڈی پی آئی ممبر اسلم باباجان (22) کی نعش آج بدھ صبح برآمد ہونے کے بعد  علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی جس کے بعد علاقہ میں پولس کی زائد فورس تعینات کی گئی ہے۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق  کل منگل کو انتخابات کے  اختتام کے بعد رات  قریب 9:30 بجے  اسلم  گھر سے باہر اپنے کسی دوست سے ملنے کے لئے نکلا تھا، مگر آج صبح اس کی نعش  کستوربا نگر  کے ایک کھلے میدان میں پائی گئی ۔

ذرائع کے مطابق  منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو بی جےپی (یوا مورچہ) کے کارکنوں اور ایس ڈی پی آئی ممبران کے درمیان کسی بات کو لے کر کستوربا نگر میں  جھڑپ ہوئی تھی جس میں بی جےپی (یوا مورچہ) کے  صدر انیس تحصیلدار پر چاقو سے حملہ کیا گیا تھا، انیس کو زخمی حالت میں مینگلور اسپتال  منتقل کیا گیا تھا اور جائےوقوع پر فوری طور پر پولس پہنچنے کے بعد حالات  کو قابو میں کئے جانے کی بات  کہی گئی تھی۔ مگر آج صبح اُسی علاقہ سے  اسلم کی نعش پائی گئی جو خون میں لت پت تھی۔ قریب ہی  لوہے کی سلاخ بھی پڑی ہوئی پائی گئی  جس سے  پتہ چلا  کہ اسلم کے سر پر لوہے کی سلاخ سے حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی ہے۔

صبح اسلم کی نعش برآمد ہونے کے بعد علاقے میں سراسیمگی پھیل گئی ، اطلاع ملتے ہی  کاروار سے ایس پی مسٹر ونائک پاٹل جائے وقوع پر پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیتے ہوئے چھان بین شروع کی۔

بتایا گیا ہے کہ نعش کو سرسی اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد شام کو  لواحقین کے حوالے کی گئی ہے، رات کو ہی تدفین ہونے کی توقع ہے۔

ساحل آن لائن سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے ایس پی مسٹر ونائک پاٹل نے بتایا کہ اسلم کے ساتھ اُس کے دو ساتھی بھی تھے، جو واقعے کے بعد سے لاپتہ ہیں، اُن سے پوچھ تاچھ کے بعد ہی معلوم ہوسکتا ہے کہ قتل  کیسے ہوا، کیوں ہوا اور کس نے کیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ابھی  مینگلور اسپتال میں ایڈمٹ انیس تحصیلدارسے بھی  پوچھ تاچھ کرنی ہے اور اس کے ساتھیوں سے بھی  پوچھ تاچھ کرنا باقی ہے، جس کے بعد ہی معاملہ صاف ہوگا کہ آیا رات کو دو گروپوں میں جو جھگڑا ہوا تھا وہ جھگڑا کس بات کو لے کر ہوا تھا اور کیا  اُسی کے نتیجے میں اسلم  کا قتل ہوا ہے یا اس کا قتل کسی اور  وجہ سے ہوا ہے۔ ایس پی نے بتایا کہ اس تعلق سے سرسی پولس تھانہ میں دو الگ الگ معاملات درج کئے گئے ہیں  اور پولس مکمل جانچ کررہی ہے۔ ایس پی نے بتایا کہ سرسی میں حالات بالکل پرامن ہیں ۔


Share: