بنگلورو،24؍اپریل (ایس او نیوز؍ یو ین آئی ) سری لنکا کے کولمبو میں ایسٹر کے دن 21 اپریل کو ہوئے سلسلہ واربم دھماکوں میں ہلاک افراد کی لاشیں کرناٹک کے کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایرپورٹ پر خصوصی طیارہ کے ذریعہ لائی گئیں۔ڈپٹی سکریٹری اسٹیٹ پروٹوکول وجئے مہانتیش جو ڈائرکٹر اسٹیٹ ہاسپٹالٹی آرگنائزیشن بھی ہیں' نے یہ بات بتائی۔شیٹی پالیہ راما کرشنپا ناگراج کی لاش سری لنکن ایرلائنس کی فلائیٹ UL 171 کے ذریعہ گزشتہ شب 8بجے لائی گئی جب کہ4دیگر مہلوکین کنچناہلی گوئندپا ہنوماتھاراپیا' کانچہ ہلی منی بائیرپا لکشمی نارائنا ' منی اپا رنگپا اور ہنومیا شیو کمار کی لاشیں سری لنکن ایرلائنس کی فلائیٹ UL 173 کے ذریعہ آج صبح کی اولین ساعتوں میں لائی گئیں۔رمیش ' ایم مارے گوڑا اور ایچ کٹاراجو کی لاشیں توقع ہے کہ آج لائی جائیں گی۔ اسی دوران شدید زخمی پرشوتم جو کولمبو سے بذریعہ ایرامبولنس لائے گئے کو ایرپورٹ سے سیدھے منی پال اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس منتقلی کے دوران اسپتال جانے والے راستہ کی ٹریفک مکمل طور پر روک دی گئی تھی۔ نارائن چندرشیکھر اور آر تلسی رام کی اموات کی تصدیق ہوگئی ہیں تاہم مزید تفصیلات دستیاب نہیں ہوسکیں۔ یہ تمام مہلوکین جن میں بیشتر جے ڈی ایس کے لیڈر ہیں کرناٹک میں پہلے مرحلہ کی رائے دہی کے بعد تفریح کیلئے سر ی لنکا گئے تھےـ