بنگلورو،20؍اگست(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے تعمیرات عامہ ایچ ڈی ریونا کی طرف سے کورگ اور رامناتھ پورہ کے سیلاب زدگان کی راحت کاری مہم کے دوران متاثرین کی طرف بسکٹ پھینکے جانے کا معاملہ تنازعے کا سبب بن گیا ہے۔
ہاسن ملک فیڈریشن کی طرف سے تقسیم کئے گئے دودھ اور بسکٹ کو وزیر موصوف کی طرف سے متاثرین کی طرف پھینکنے جانے پر کئی حلقوں میں شدید ناراضی کا اظہار کیا گیا ہے اور پوچھا گیا ہے کہ کیا وزیر متاثرین کو کتا سمجھ رہے تھے کہ انہوں نے ان کی طرف بسکٹ پھینکا ، انہیں اس حرکت کے لئے معذرت خواہی کرنی چاہئے ۔ راحت کاری کیمپ میں وزیر تعمیرات عامہ کی اس حرکت پر عوام نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
ہاسن ضلع کے اعلیٰ عہدیداروں اور دیگر افسروں کی موجودگی میں وزیر موصوف کی طرف سے راحت کاری اشیاء کی تقسیم کو محض سستی شہرت کے لئے کی گئی حرکت قرار دیتے ہوئے ان لوگوں نے کہا کہ وزیر موصوف نے جس طرح متاثرین کی طرف بسکٹ پھینکا ہے یہ ان کے غرور وتکبر کی نشانی ہے۔ان لوگوں نے کہاکہ جن لوگوں کی طرف ریونا نے بسکٹ پھینکے ان لوگوں نے بسکٹ نہیں اٹھائے ۔مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ وزیر کے اس سلوک کو انتہائی ناپسندیدہ اور اخلاق سے گری ہوئی حرکت قرار دیا۔ ان لوگوں نے کہاکہ ایک طرف وزیر اعلیٰ کمار سوامی ہر راحت کیمپ میں خود پہنچ کر لوگوں کی مشکلات کو جاننے کی کوشش کررہے ہیں اور متاثرین کے ساتھ وقت نکال رہے ہیں ایسے میں ان کے بھائی ریونا کی طرف سے کی گئی حرکت افسوسناک ہے۔ اقتدار کے نشے میں ریونا جس قدر چور ہوگئے ہیں ان کی یہ حرکت اس کا عکاس بن کر سامنے آئی ہے۔مقامی لوگوں نے کہا ہے کہ ریونا کو اپنی اس حرکت کے لئے عوام سے معذرت خواہی کرنی چاہئے۔