ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / صنعتی زمین کا دیگر مقاصد کے لئے استعمال نہ کیا جائے: کے جے جارج

صنعتی زمین کا دیگر مقاصد کے لئے استعمال نہ کیا جائے: کے جے جارج

Thu, 26 Jul 2018 11:13:54    S.O. News Service

بنگلورو،26؍جولائی(ایس او نیوز) صنعتی مقاصد کے لئے ریاستی حکومت کی طرف سے حاصل کی گئی زمین کو اگر دیگر مقاصد کے لئے استعمال کیا گیا تو صنعت کاروں کو نوٹس جار ی کرکے اس زمین کو واپس لینے کے لئے کارروائی شروع کی جائے گی، یہ اعلان آج ریاستی وزیر صنعت کے جے جارج نے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کے بعض مقامات پر صنعتوں کے قیام کے لئے کرناٹکا انڈسٹریل ایریا ڈیولپمنٹ بورڈ( کے آئی اے ڈی بی) کے ذریعے زمین حاصل کی گئی اور اس زمین پر صنعت پراجکٹ قائم کرنے کی بجائے اسے دیگر مقاصد کے لئے استعمال کیا جارہاہے۔ اس کی نشاندہی کرکے جلد ہی محکمے کی طرف سے صنعت کاروں کو نوٹس روانہ کیا جائے گا اور اگر یہ ثابت ہوجائے کہ صنعت کے لئے دی گئی زمین کا استعمال دیگر مقاصد کے لئے کیاجارہاہے تو خاطی صنعت کاروں کے لئے نہ صرف کارروائی کی جائے گی بلکہ ان سے زمین بھی واپس لے لی جائے گی۔

ٹمکور کے وسنت پور میں دس ہزار ایکڑ زمین پر فوڈ پارک قائم کرنے کے لئے مرکزی حکومت کی طرف سے تعاون ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کے جے جارج نے بتایاکہ اس کے لئے 7؍ ہزار ایکڑ زمین اکوائر کرنے کا کام پورا ہوچکا ہے بقیہ تین ہزار ایکڑ زمین اکوائر کرکے مرکزی حکومت کے سپرد کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ اس فوڈ پارک کے قیام کے لئے مرکزی حکومت کی طرف سے3500 کروڑ روپے صرف کئے جارہے ہیں اس رقم کے استعمال سے اس علاقے میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی جائے گی۔

مسٹر جارج نے بتایاکہ بحیثیت وزیر صنعت انہوں نے بلگاوی ، ہبلی ، چامراج نگر اور میسور کے صنعتی علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں پر مختلف قسم کی سہولتوں کا جائزہ لیا ہے، میسور میں 4500کروڑ روپیوں کے سرمایوں سے مختلف صنعتیں قائم ہوئی ہیں۔ چامراج نگر میں1400 ایکڑ زمین پر ایک صنعتی زون تیار کیا جارہے۔ اگلے تین چار ماہ میں اس صنعتی زون میں تمام سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ نئی صنعتوں کاقیام بھی شروع ہوجائے گا۔ مسٹر جارج نے بتایاکہ 30,29 نومبر اور یکم دسمبر کو شہر میں سہ روزہ عالمی ٹیک چوٹی کانفرنس منقعد ہونے جارہی ہے، اس کانفرنس میں ملک اور بیرون ممالک کے تنکیکی ماہروں کی شرکت ہوگی۔ اس کانفرنس کے دوران انفارمیشن اور بائیو ٹیکنالوجی کے شعبے میں بنگلور کی عالمی سطح پر پیش رفت اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر موصوف سے آج جرمن سفیر برائے ہند اور دیگر صنعت کاروں نے بھی ملاقات کی۔


Share: