ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ضلع شمالی کینرا میں شروع ہوئی ٹریفک قوانین کے تعلق سے سپریم کورٹ کے احکامات کی تعمیل۔ 5دنوں میں 21لائسنس ردکیے گئے

ضلع شمالی کینرا میں شروع ہوئی ٹریفک قوانین کے تعلق سے سپریم کورٹ کے احکامات کی تعمیل۔ 5دنوں میں 21لائسنس ردکیے گئے

Sun, 07 Jul 2019 12:50:38    S.O. News Service

کاروار 7/جولائی (ایس او نیوز)سڑک حادثات اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی ومالی نقصانات کی روک تھام کے لئے سپریم کورٹ نے جو ہدایات جاری کی تھیں اس کے تحت ضلع شمالی کینرا میں ٹریفک قوانین پر سختی کے ساتھ عمل درآمد شروع ہوا ہے۔

 مختلف مقامات پر گاڑیوں کے چیکنگ کے دوران ٹریفک قوانین کے خلاف ورزی ہونے کی صورت میں ڈرائیونگ لائسنس رد کرنے کی سفارشات آر ٹی او کو بھیجی جارہی ہیں۔خیال رہے کہ ضلع شمالی کینرا میں پچھلے کچھ عرصے سے لگاتار جان لیوا سڑک حادثات ہورہے ہیں۔ انسانی جانوں کی ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد روزبروز بڑھتی جارہی ہے۔ اس پر روک لگانے کے لئے پولیس نے اب جو اقدامات کیے ہیں اس کے نتیجے میں آر ٹی او دفتر میں لائسنس منسوخ کیے جانے کی سفارشات کا ڈھیر لگ گیا ہے۔

اسکول کی گاڑیوں میں مقررہ تعداد سے زیادہ بچوں کو لے جانے، ڈرائیونگ دوران موبائل فون کا استعمال کرنے،شراب کے نشے میں ڈرائیونگ کرنے، مال بردار گاڑیوں میں مسافروں کو لے جانے جیسے معاملات میں اقدامات میں پولیس سخت کارروائی کررہی ہے۔چیکنگ کے دوران معمولی خلاف ورزی پر موقع پر ہی جرمانہ لگاکر چھوڑ دیا جاتا ہے لیکن بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف لائسنس رد کرنے کی سفارش آر ٹی او کو بھیجی جارہی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی کے لئے پولیس والوں کو جگہ جگہ لگائے گئے سی سی کیمروں سے کافی مدد مل رہی ہے۔اس کے علاوہ نجی اداروں میں لگے ہوئے کیمروں کے فوٹیج سے بھی فائدہ اٹھایا جارہا ہے۔اس طرح پولیس اسٹیشن میں بیٹھ کر ہی ٹریفک کاجائزہ لینے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو نوٹس بھیجنے کا کام تیزی سے ہورہا ہے۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ ونائیک پاٹل نے بتایا کہ ضلع شمالی کینرا میں شراب پی کر گاڑیاں چلانے کے معاملات  سب سے زیادہ ہیں۔مئی کے مہینے میں جملہ 370 معاملے نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کے سامنے آئے تھے۔ان افراد کے لائسنس منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی، جبکہ لائسنس کے بغیر سڑک پر گاڑی چلانے والوں کی گاڑیوں کا رجسٹریشن معطل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ 

 آر ٹی او وشال کا کہنا ہے کہ کاروار اور انکولہ کے علاقے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی وجہ سے جون کے مہینے میں 50اورجولائی کے پانچ دنوں کے اندر21یعنی جملہ 71افراد کے لائسنس تین مہینوں کے لئے رد کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کئی افراد کو نوٹس جاری کی گئی ہے۔


Share: