کاروار 5؍جولائی (ایس او نیوز)اتی کرمن کی گئی جنگلاتی زمین کو سکرمن کرنے کی جو جدوجہد جاری ہے اسی طرز پرغیر قانونی طور پرقبضہ کی گئی ریوینیو زمین کو بھی قانونی شکل دینے کی مہم چل رہی ہے ، مگر ایسا لگتا ہے کہ ریوینیو زمین اتی کرم کرنے والے بہت سارے افراد کے سر پر تلوار لٹک رہی ہے۔ان میں سے کچھ لوگ عدالت کے دروازے کھٹکھٹا رہے ہیں۔کیونکہ ایسی غیر قانونی قبضہ جات والی زمینوں کے تعلق سے سرکار نے جو کاغذات طلب کیے ہیں وہ اگر جمع کردئے جاتے ہیں تو اتی کرمن کو سکرمن کیاجاتا ہے ورنہ درخواستیں مسترد کی جارہی ہیں۔ اور ایسی زمینوں پر سے قبضہ ہٹادیا جاتا ہے۔ پتہ چلا ہے کہ اب تک سیکڑوں ایکڑ زمین پر سے بغیر دستاویزات والا قبضہ ہٹا دیا گیا ہے۔ اور بقیہ زمینوں کے تعلق سے جلد ہی کارروائی جانے والی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق ضلع شمالی کینرا میں3,902.14ایکڑریوینیو زمین پر غیر قانونی قبضہ کیاگیا تھا جس میں سے 2291.3ایکڑ زمین خالی کروانا باقی ہے۔سال 2013تک 487.23ایکڑ زمیں خالی کراوئی گئی تھی۔ اب مئی 2018تک 646.37ایکڑ زمین پر سے قبضہ ہٹا یا گیا ہے۔اس طرح جملہ 1134.20ایکڑ زمین خالی کرلی گئی ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سریش ایٹنال نے بتایا کہ مختلف تعلقہ جات کے اتی کرم کرنے والوں نے کُل 72.28ایکڑ زمین کے معاملات عدالت سے رجوع کیے ہیں۔ ایک بار جب عدالت سے اس کا فیصلہ آ جائے گا تو پھر اسی کے مطابق ان زمینات کے تعلق سے کارروائی کی جائے گی۔بقیہ جو معاملات عدالت میں زیر سماعت نہیں ہیں ان زمینوں کو خالی کروانے کی تیاری پوری کرلی گئی ہے۔