بھٹکل 18/جون (ایس او نیوز) کورونا وباء کے چلتے ملک بھر میں لگے لاک ڈاون کے بعد سکینڈ پی یوسی کا انگریزی پرچہ جسے ملتوی کیا گیا تھا، آج اُس امتحان کا انعقاد کیا گیا جس کے لئے انتظامیہ کی طرف سے بچوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی گئی تھی۔
ضلع بھر کے 30 سینٹروں میں جملہ 13180 بچے امتحانات میں شریک رہے اورپورے اطمینان کے ساتھ انگریزی پر چہ لکھا۔ ضلع کے تعلیمی محکمہ کی جانب سے دی گئی اطلاع کے مطابق ضلع بھر میں جملہ 13615 بچوں کو امتحان میں شریک ہونا تھا، مگر ضلع بھر میں جملہ 435 طلبا غیر حاضر رہے۔
بچوں کو ایک گھنٹہ پہلے ہی امتحان گاہ میں آنے کی ہدایت دی گئی تھی اور طلبا وقت سے پہلے ہی اپنے اپنے امتحان سینٹرس پہنچ گئے تھے، امتحان گاہ جانے سے پہلے محکمہ ہیلتھ کی جانب سے تمام طلبا کی تھرمل اسکیننگ کی گئی اس دوران تمام بچوں کو سرکار کی طرف سے ماسک اور سینی ٹائزر فراہم کئے گئے۔
جس طرح ضلع میں 435 طلبا امتحان سےغیر حاضر رہے، اُس میں بھٹکل کے چار امتحانی سینٹروں کے 54 طلبا بھی شامل ہیں جو امتحان میں شریک نہیں ہوئے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بھٹکل میں سب سے زیادہ غیر حاضری جنتا ودیالیہ شرالی میں درج کی گئی جہاں 21 بچے غیر حاضر رہے، دی نیو انگلش پی یو کالج میں 14، آر این ایس مرڈیشور میں 11 اور انجمن پی یو کالج میں 8 بچوں کی غیر حاضری درج کی گئی ۔ اس طرح بھٹکل میں جملہ 54 طلبا انگریزی پرچہ میں شریک نہیں ہوئے۔
صبح امتحان شروع ہونے سے لے کر دوپہر 1:30بجے امتحان ختم ہونے تک امتحانی سینٹروں کے باہر محکمہ تحصیلدار کے آفسران سمیت پی ایس آئی اور دیگر پولس اہلکار بھی موجود تھے جنہوں نے اساتذہ کو مکمل تعاون فراہم کیا ۔