ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / قومی لاک ڈاؤن جہنم میں جائے، شراب نوشی جاری رہنی چاہیے: کشمیر کے لاک ڈاون پرعمر عبداللہ نے ظاہر کی سخت ناراضگی

قومی لاک ڈاؤن جہنم میں جائے، شراب نوشی جاری رہنی چاہیے: کشمیر کے لاک ڈاون پرعمر عبداللہ نے ظاہر کی سخت ناراضگی

Mon, 13 Apr 2020 18:43:17    S.O. News Service

سری نگر،13؍اپریل (ایس او نیوز؍یو این آئی)  نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور جموں و کشمیر کے  سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس بات پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے  کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران وادی کشمیر  میں اشیائے ضروریہ کی دکانوں کو کھولنے  کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے حالانکہ  ملک کی بعض ریاستوں میں شراب کی دکانوں کو لازمی خدمات میں شامل کیا جارہا ہے۔

بتادیں کہ ملک کی بعض ریاستوں نے عوامی مطالبے کے پیش نظر شراب کی دکانوں کو لاک ڈاؤن کے دوران بھی کھلے رکھنے کی اجازت دی ہے۔

عمر عبداللہ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے  کہا کہ 'قومی لاک ڈاؤن جہنم میں جائے، شراب نوشی جاری رہنی چاہیے۔ کشمیر میں گوشت اور دیگر اشیائے ضروریہ کی دکانوں کو کھلنے کی اجازت نہیں ہے جبکہ بعض ریاستوں میں شراب کی فیکٹریوں تک کو زندہ رہنے کے لئے ضروری قرار دیا جارہا ہے۔

موصوف سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ہندوستان ٹائمز اور ایک خبر رساں ایجنسی کے دو ٹوئٹس پوسٹ کیے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ میگھالیہ اور آسام حکومتوں نے شراب کی دکانوں کو پیر سے کھلے رہنے کی اجازت دی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ وادی میں گزشتہ قریب چار ہفتوں سے مکمل لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے باعث میڈیکل دکانوں کو چھوڑ کر کسی بھی دکان کو کھلنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ لوگوں کا الزام ہے کہ سڑکوں پر تعینات سیکورٹی فورسز کے اہلکار لوگوں کو باہر قدم رکھتے ہی زودو کوب کرنے کے کسی بھی موقع کو ہاتھ سے نہیں جانے دیتے ہیں۔


Share: