نئی دہلی،30؍اپریل(ایس او نیوز؍ایجنسی) ملک گیر لاک ڈاؤن کے 35دن بعد آخر کار مرکزی حکومت نے ملک کے مختلف مقامات پر پھنسے مہاجر مزدوروں، سیاحوں، طلبا اور عقیدتمندوں کو نقل مکانی کی اجازت دے دی ہے- ریاستوں کو پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے ایک دوسرے سے رابطہ کر کے آمد و رفت یقینی بنانی ہوگی اور ریاستیں سرکاری بسوں کو انتظام اپنی سہولتوں کے لحاظ سے کریں گی-
وزارت داخلہ نے اس کیلئے 6 پوانٹس کی رہنما ہدایات تمام ریاستی سرکاروں کو بھی بھیج دی ہیں -اس میں بتایا گیا ہے کہ کیسے سرکاریں ان پھنسے ہوئے لوگوں کو ان کے گھروں تک پہنچانے کا کام کرسکتی ہیں -
ایک رپورٹ کے مطابق مرکزی حکومت کے اس فیصلہ سے ملک بھر میں پھنسے تقریباً 10لاکھ سے زائد مزدوروں طالب علموں،سیاحوں اور عقیدتمندوں کو راحت ملے گی-اس کیلئے سب سے پہلے نوٹل اتھارٹی کی تشکیل دی جائے گی جو ملک کے مختلف مقامات پر پھنسے لوگوں کی فہرست تیارکرے گی اور پھر جانچ میں کورونا رپورٹ منفی آنے کے بعد ہی ریاستوں کی باہمی رضامندی سے ایک جگہ سے دوسری جگہ ان لوگوں کو منتقل کیاجاسکے گا-ان لوگوں کو لے جانے والی بسوں کو بھی سینی ٹائز کیا جائے گا اور اس کے اندر بھی سوشیل ڈسٹینسنگ کا خاص خیال رکھاجائے گا-گھر پہنچنے کے بعد بھی ان لوگوں کی دوبارہ جانچ ہوگی اور پھر انہیں گھر میں ہی 14دن کیلئے کورنٹائن کردیاجائے گا-