بنگلورو،31؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) کرناٹک میں گئو کشی مخالف سخت ترین قانون نافذ ہونے کے بعد ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر سدامیا نے بالکل دوٹوک انداز میں بی جے پی اور اس کے حواریوں سے کہہ دیا کہ ’’مجھے بیف پسند ہے اور میں اسے کھائوں گا، تم کون ہوتے ہو مجھے روکنے والے ؟‘‘سدارمیا نے یہ بیان میڈیا کی جانب سے بیف پر پابندی کے تعلق سے سوال پوچھے جانےپر دیا۔
سدارمیا نے کہا کہ میں نے ماضی میں بھی بیف کے تعلق سے بالکل دوٹوک اور واضح موقف اختیار کیا تھا کہ جسے جو کھانا پسند ہے وہ ملک کے آئین کے مطابق کھانے کا حق رکھتا ہے ، اسے روکا نہیں جاسکتا لیکن جس طرح کی حرکتیں بی جے پی اور اس کے حواری کرتے ہیں ہم وہ قطعی برداشت نہیں کریں گے ۔ واضح رہے کہ کانگریس پارٹی نے کرناٹک اسمبلی میں بھی اس قانون کی سختی سے مخالفت کی تھی اور جب تک ریاست میں کانگریس کی حکومت تھی تب تک یہ بل سرد خانے میں تھا ۔سد ارمیا نے اپنی پارٹی کے لیڈران کو یہ نصیحت بھی کرڈالی کہ ایسے موضوعات پر کھل کر بولنے اور اپنا موقف واضح کرنے کی ضرورت ہو تی ہے کیوں کہ اگر ایسا نہیں کیا گیا تومخالفین کا موقف عوام کو درست لگنے لگتا ہے۔ اسی لئے میں نے بالکل صریح وضاحت کردی ہے اور اپنی پارٹی کے لیڈروں سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس قانون کی ہر جگہ مخالفت کریں۔