کولکاتا،7؍مارچ(ایس او نیوز؍ایجنسی) بی جے پی نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کی 57 نشستوں کیلئے ہفتے کے روز امیدواروں کا اعلان کر دیا۔ اس میں سب سے اہم نام شوبھندو ادھیکاری کا ہے، جو نندی گرام سے انتخاب لڑیں گے۔ اس کے ساتھ ہی نندی گرام سیٹ پر ممتا بنرجی اور کبھی ان کے معتمد خاص رہے شوبھندو ادھیکاری کے درمیان سیاسی مقابلہ پر مہر ثبت ہو گئی۔ یہ شوبھندو ادھیکاری فی الحال نندی گرام سے ہی رکن اسمبلی تھا۔ شوبھندو نے نندی گرام میں کسانوں کی اراضی کے حصول کے خلاف تحریک چھیڑی ہوئی تھی۔
اس سے قبل ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے جمعہ کے روز اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کی تھی۔ ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ انہوں نے 291؍ امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ اس میں 51 خواتین اور 42 مسلم امیدوار شامل ہیں۔ ممتا نے کہا تھا کہ وہ نندی گرام سے الیکشن لڑیں گی اور وہ روایتی بھوانی پور سیٹ چھوڑ رہی ہیں۔ شوبھن دیب چٹوپادھیائے بھوانی پور سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔