کولکاتہ،23مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) لوک سبھا انتخابات کے لئے مغربی بنگال میں ایک دوسرے کو سخت ٹکر دینے کو تیار ریاست میں حکمران ترنمول کانگریس اور اپوزیشن بی جے پی اپنے جانچے ،پرکھے رہنماؤں کے بجائے پارٹی بدلنے والے لیڈروں کو ترجیح دے رہی ہے۔ریاست میں انتخابی منظر نامے میں غالب نظر آ رہے دونوں جماعتوں کے اندر امیدواروں کے انتخاب کو لے کر عدم اطمینان ہے۔ ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر اور جنوبی دیناج پور ضلع کے اس کے سربراہ بپلب مترا نے کہا کہ نئے لوگوں کو ٹکٹ دینے اور پرانے لیڈروں کو نظر انداز کئے جانے سے پارٹی کے عوام کی سطح کے کارکنوں میں ناراضگی ہے۔ ترنمول کانگریس اکیلے لڑ رہی ہے اور اس نے لوک سبھا کی تمام 42 سیٹوں پر امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔بی جے پی نے جمعرات کو ریاست میں 28 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی تھی۔دونوں پارٹیوں نے اپنے فیصلے کا یہ کہتے ہوئے دفاع کیا ہے کہ جیتنے کے امکانات ان کے لئے سب سے اہم ہے۔حالانکہ ترنمول کانگریس کا خیال ہے کہ پارٹی کی آپسی لڑائی کو ختم کرنے کا یہ سب سے بہتر طریقہ ہے جبکہ بی جے پی کے لئے ان پارٹی بدلنے والوں کو الیکشن میں اتارنا مجبوری ہے کیونکہ اس کے پاس اپنی جیت کو یقینی بنانے کے لئے معقول امیدوار نہیں ہیں۔ترنمول کانگریس کی فہرست میں شامل 18 نئے چہرے میں سات وہ ہیں جو گزشتہ چند سالوں میں یا تو کانگریس سے یا لیفٹ پارٹیوں سے پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔بی جے پی کی فہرست میں چھ ایسے امیدوار ہیں جو پہلے یا تو ترنمول کانگریس سے یا سی پی ایم سے جڑے ہوئے تھے۔