نئی دہلی28دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) وزیراعظم نریندر مودی نے پیرکے روز100 ویں کسان ریل کوہری جھنڈی دکھائی ہے۔یہ کسان ریل مہاراشٹر کے سنگولاسے مغربی بنگال کے شالیمارجائے گی۔
وزیر اعظم مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس کی شروعات کی ہے۔اس موقع پر مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر اور مرکزی وزیر پیوش گوئل بھی موجودتھے۔ پی ایم مودی نے کہاہے کہ یہ کام کسانوں کی خدمت کے لیے ہماری وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔پی ایم مودی نے کہاہے کہ کسان ریل سروس بھی ملک کے کسانوں کی آمدنی بڑھانے کی طرف ایک بڑاقدم ہے۔ اس سے زراعت سے متعلق معیشت میں بڑی تبدیلی آئے گی۔ اس سے ملک کی کولڈ سپلائی چین کی طاقت میں بھی اضافہ ہوگا۔
انھوں نے کہاہے کہ میں ملک کے کروڑوں کسانوں کومبارکباددیتاہوں۔کوویڈ۔19کے چیلنج کرنے کے باوجودپچھلے چارمہینوں میں کسان ریل نیٹ ورک میں توسیع ہوئی ہے اور اب اسے 100 ویں ریل مل گئی ہے۔