ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منڈیاضلع کے 313قریے کورونا وبا سے محفوظ ۔اب تک ایک بھی کوروناکا معاملہ پیش نہیں آیا،بیرونی افراد سے رابطہ نہ رکھنے کانتیجہ

منڈیاضلع کے 313قریے کورونا وبا سے محفوظ ۔اب تک ایک بھی کوروناکا معاملہ پیش نہیں آیا،بیرونی افراد سے رابطہ نہ رکھنے کانتیجہ

Mon, 14 Jun 2021 12:44:31    S.O. News Service

منڈیا،14؍جون (ایس او نیوز)کوروناکی دوسری لہر تیزی کے ساتھ پھیلی اور ملک کے کونے کونے میں دہشت پھیلادی،مگر ضلع کے 313قریے کوروناکی دوسری لہر سے محفوظ ہیں اور اب تک ایک بھی کوروناکا مریض یہاں نہیں پایاگیا،کوروناسے پاک دیہات ہونے کااعزازان قریوں کو حاصل ہواہے۔کوروناکی علامتیں پائی جانے کا خوف بھی ان قریوں کے مکینوں کو نہیں ستایا،بلاخوف پرسکون زندگی گذارکر ان قریوں کے عوام نے مثال قائم کردی ہے۔کوروناسے پاک قریوں کی تعمیرکو ممکن بنانے کیلئے ان قریوں کے مکینوں نے کسی بھی بیرونی افراد کو قریوں میں داخل ہونے نہیں دیا اورخود ان قریوں کے لوگوں نے بھی کسی دوسرے مقام کا سفر نہیں کیا،یہی وجہ ہے کہ اس خطرناک وباء سے اپنے آپ کو اور اپنے گاؤں کو محفوظ رکھنے میں کامیاب رہے۔

کوروناسے پاک قریوں کی فہرست میں ناگ منگل تعلقہ کو اول مقام حاصل ہواہے،جبکہ سری رنگ پٹن تعلقہ آخری مقام پر ہے۔ کورونا سے پاک ان قریوں کے مکینوں نے کووڈ قوانین پر سختی سے عمل کیاہے اور احتیاطی تدابیر بھی پوری ذمہ داری کے ساتھ اپنانے میں کامیاب ہوئے۔

ضلع کے دیگر قریوں میں کوروناکی دوسری لہرکے تیزی کے ساتھ پھیلنے کیلئے عو ام کی لاپروائی اور کووڈ قوانین کی خلاف ورزی ہی اہم سبب ہے۔کوروناکے مریضوں کو جلداسپتال یاکووڈ کیئر سنٹر منتقل کرنے کی بجائے گھروں میں ہی رکھ کر دوسرو ں کے ساتھ رابطہ رکھنے کے سبب کئی قریو ں میں کوروناکے معاملات میں اضافہ ہواہے، قریوں میں ضروری سہولتیں نہ ہونے کے باوجود گھروں میں ہی کوارنٹائن کردئے جانے کی وجہ سے بھی وباپھیلی ہے،کووڈ رپورٹ پازیٹیوآنے کے باوجود کئی قریوں میں کھلے عام متاثرین کے گھومنے پھرنے سے بھی وباپھیلی ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ ضلع کے 313قریوں میں جہاں کوروناکی وبانہیں پھیلی ان قریوں میں شہروں سے کسی کو بھی داخل ہونے نہیں دیاگیااور ان گاؤں والوں نے اپنے آپ کو قابومیں رکھااور اپنا قریہ چھوڑ کرکہیں باہر جانے کی کوشش نہیں کی۔

موتتی نامی قریہ بھی کوروناسے پاک دیہاتوں کی فہرست میں شامل تھا،مگر وہاں زندگی گزار رہے مزدوروں میں اناج کٹس تقسیم کرنے کیلئے آئے ہوئے افراد نے بیماری پھیلادی اور صرف دو ہی دن میں کوروناکے مریضوں کی تعداد 16ہوگئی۔

منڈیا ضلع پنچایت کی سی ای او جی آر دیویاپربھونے کہاکہ اب تک کوروناکی وباسے محفوظ رہ کرپر سکون زندگی گذار رہے ضلع کے 313قریوں کے لوگ سچ مچ مثالی ہیں، ان لوگوں نے خود کو محفوظ رکھااور قریوں سے باہر نہیں نکلے اور کسی کو قریوں میں داخل ہونے نہیں دیا۔ذمہ داری کے ساتھ قوانین پر عمل کرنے اور احتیاطی تدابیر اپناکران قریوں کے مکینوں نے مثال قائم کردی ہے۔آئندہ ہفتے ان قریوں کا دورہ کرکے انہیں مبارکباد دینے اور ان کی رائے جاننے کی کوشش کی جائے گی۔ کوروناسے پاک قریے کہلانے والے ان 313قریو ں میں منڈیاتعلقہ کے 19،مدور کے 16،ملکولی کے 31،کے آر پیٹ کے 77،ناگ منگل کے 136،پانڈواپورہ کے 21اور سری رنگ پٹن تعلقہ کے 13قریے شامل ہیں۔


Share: