منگلورو، 12؍جولائی (ایس او نیوز) منگلورو جنکشن اور یشونت پور (بنگلورو) کے درمیان ہفتہ میں تین بار چلنے والی ایکسپریس ٹرین 06540/06539 کے ساتھ اب کانچ کی چھت اور کھڑکیوں والے ویسٹاڈوم کوچس جوڑ دئے گئے ہیں جس کا پہلا سفر 11 جولائی کو منگلورو سے شروع کیا گیا ہے۔
محکمہ ریلوے کی جانب سے جنوبی ہند میں پہلی مرتبہ متعارف کیے گئے ویسٹاڈوم کوچ ٹرین کے اس افتتاحی سفر کے موقع پر رکن پارلیمان نلین کمار کٹیل، رکن اسمبلی ویداویاس کامت، سٹی کارپوریشن میئر پریمانند اور محکمہ ریلوے کے افسران موجود تھے ۔
اس ٹرین میں کانچ کی وسیع اور شفاف چھت اور کھڑکیوں والی جو دو بوگیاں جوڑی گئی ہیں اس میں سفر کرنے والوں کو قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے کا سنہرا موقع ملے گا۔ ہر بوگی میں 44 سیٹیں ہونگی ۔ ان بوگیوں کو چینئی کی انٹیگرل کوچ فیکٹری میں تیار کیا گیا ہے۔ اس میں سی سی ٹی وی کیمرے اور آگ بجھانے کے آلات لگے ہیں۔ اوون، فریج، ایل ای ڈی اسکرین، چھوٹا سا کچن، لگیج کپ بورڈ، ماحول دوست واش رومس وغیرہ مہیا کیے گئے ہیں۔ ہر سیٹ پر موبائل چارجنگ ساکیٹ لگے ہیں۔ کوچس کے دروازے آٹو میٹک سلائڈنگ سسٹم والے ہیں۔
منگلورو سے بنگلورو تک اس کوچ میں سفر کرنے کا کرایہ فی کس 1,395 روپے ہے۔ یشونت پور سے صبح 7 بجے نکلنے والی یہ ٹرین شام 5 بجے منگلورو جنکشن پر پہنچے گی ۔ پھر دوسرے دن صبح 11.30 بجے منگلورو جنکشن سے نکل کر رات 8.20 کو یشونت پور پہنچے گی۔