منگلورو، 22 ؍ فروری (ایس او نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سیکریٹری پی وی موہن کا کہنا ہے کہ مسلم طالبات کو حجاب کے ساتھ کالج میں پڑھائی کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے بھوک ہڑتال کا سلسلہ شروع کیا جائے گا ۔
انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم حجاب کی حامی طالبات کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم سب ان کے ساتھ ہیں ۔ حجاب ہمارے ملک کی ثقافت کا حصہ ہے ۔ اسے پہننا ان لڑکیوں کا حق ہے ۔ اس کا بہانہ بنا کر لڑکیوں تعلیم سے محروم رکھنے کی کوشش کسی کو بھی نہیں کرنی چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے اس مسئلہ کو سلجھانے کے بجائے الجھا دیا ہے ۔ ایشورپا نے قومی جھنڈے کے سلسلے میں جو تنازع کھڑا کیا ہے اس سے دھیان بٹانے کے لئے شیموگہ کے واقعہ کو ایک طبقہ کے سر باندھنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ اراکین پارلیمان یہاں کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش نہیں کرتے ۔ ملک کے وزیر اعظم عوام کے حقوق کی بات نہیں کرتے بلکہ صرف ان کے فرائض کی مالا جپتے رہتے ہیں ۔