منگلورو:15/اپریل(ایس اؤنیوز)مذاہب کا مطالعہ کئے بغیرتعصب کا شکار ہوکر شکوک و شبہات میں مبتلا ہونے کے نتیجےمیں آج سماج میں برائیاں پھیل رہی ہیں، مذہب کے نام پر غیر مذہبی پیغامات کو پھیلانے سے ہی لوگوں کی زندگی سے سکو ن غائب ہوگیا ہے۔ شانتی پرکاشن کے مینجر اور توکوٹو مسجد الہدٰی کے خطیب محمد کوئیں نے ان خیالات کااظہار کیا۔
وہ یہاں توکوٹو علاقے کے امبیڈکر میدان میں اُلال جماعت اسلامی ہندکی طرف سے منعقدہ سہ روزہ کنڑازبان میں عوامی ’’قرآن پروچن ‘‘ کے پہلے دن ’’برائیوں سے پاک سماج ‘‘ کے عنوان پر درس قرآن دے رہے تھے۔ اپنادرس جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سماج میں جتنے مذاہب کے لوگ ہیں ان تمام کو ہرمذہب کا مطالعہ کرنا چاہئے، تب کہیں جاکر شکوک و شبہات سے پاک ہونگے۔ ورنہ یوں ہی افواہوں اور بے تکی باتوں کو مذہب کے نام پر پھیلا کر انسانیت کو برباد کیا جاتارہے گا۔
قرآن پروچن پروگرام میں دیرل کٹے ودیارنا انگلش میڈیم اسکول کے ڈائرکٹر رویندر شٹی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دنیا کے تمام مذاہب بھائی چارگی ، یک جہتی ، پیار ومحبت کا پیغام دیتے ہیں، موجودہ حالات میں ایک دوسرے کے مذہب کو جاننا ، مطالعہ کرنا ضروری ہونے کی بات کہی۔ پروگرام میں ضلع پنچایت کے سابق ممبر عزیز ملارنے اپنے تاثرات کااظہارکیا۔ سالیاڈیارٹی یوتھ مومنٹ کے شریف الال نے افتتاحی کلمات پیش کئے ، مزمل احمد نے نظامت کی۔