بنگلورو،4؍مئی(ایس او نیوز) ریاستی وزیر توانائی اور کانگریس انتخابی مہم کمیٹی کے چیرمین ڈی کے شیوکمار نے وزیراعظم مودی کی طرف سے سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڈا کی تعریف پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ یہ بی جے پی کی کمزوری کا کھلا ثبوت ہے۔ آج پریس کلب میں منعقدہ پریس سے ملئے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈی کے شیوکمار نے کہاکہ وزیراعظم مودی اور بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ کو یہ احساس ہوچکا ہے کہ ریاست میں بی جے پی لیڈران بہت کمزور ہیں اور انتخابی مہم چلانے کے لئے بار بار انہیں ہی میدان میں اترنا پڑ رہاہے۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی سیاسی جماعت کی کامیابی میں مقامی لیڈروں کی جدوجہد کا کافی دخل عمل ہوتاہے، لیکن بی جے پی کی صورتحال ایسی نہیں ہے۔ مقامی لیڈران بری طرح ناکام ہوچکے ہیں اور بی جے پی کو سہارا دینے باہر سے امت شاہ ، مودی اور یوگی آدتیہ ناتھ کو بلانا پڑ رہاہے، جو ریاست میں بی جے پی کی کمزوری کا کھلا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم مودی ریاست میں پارٹی کو اقتدار پر لانے کے اندھے پن میں اپنے مقام اور مرتبے کو بھی فراموش کردئے ہیں، اور اس سے عہدۂ وزیراعظم کا وقار مجروح ہورہاہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کی تینوں بڑی سیاسی جماعتوں نے عہدۂ وزیراعلیٰ کے لئے اپنے ناموں کی تجویز پیش کردی ہے، کانگریس نے سدرامیا کو آگے بڑھایا ہے تو جے ڈی ایس سے کمار سوامی ہیں ، اور بی جے پی نے یڈیورپا کو پیش کیاہے۔ پچھلے پانچ سالوں کے دوران سدرامیا نے ریاست کی ترقی کے لئے جو کام کیا ہے وہی ان کی جیت کا ضامن بنے گا۔کانگریس کی طرف سے کسی دلت کو وزیراعلیٰ بنانے کے بارے میں مودی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈی کے شیوکمار نے کہاکہ کانگریس اعلیٰ کمان اگر چاہے تو ایسا کرسکتی ہے۔ کانگریس پارٹی میں تمام طبقات کو مناسب مواقع ملے ہیں۔