ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مودی کرناٹک سے لوک سبھا انتخاب لڑیں گے ؟ ایڈی یورپا کا انکار،10؍اکتوبر کوبی جے پی کور کمیٹی کا اجلاس

مودی کرناٹک سے لوک سبھا انتخاب لڑیں گے ؟ ایڈی یورپا کا انکار،10؍اکتوبر کوبی جے پی کور کمیٹی کا اجلاس

Tue, 09 Oct 2018 11:40:26    S.O. News Service

بنگلورو،9؍اکتوبر(ایس او نیوز) کرناٹک بی جے پی یونٹ کے صدر بی ایس ایڈی یورپا نے آج ان خبروں کو مسترد کردیا کہ وزیراعظم نریندر مودی2019ء کا لوک سبھا چناؤ کرناٹک کے حلقہ سے لڑیں گے ۔یہ خبر حقیقت سے بہت دور ہے ۔انہوں نے بتایا کہ آئندہ 3؍نومبر کو ریاستی اسمبلی اور پارلیمانی سیٹوں کے لئے ہونے والے ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں پارٹی امیدواروں کاانتخاب چہارشنبہ کو منعقد ہونے والی پارٹی کی کور کمیٹی میٹنگ میں کیا جائے گا۔ریاست کرناٹک سے نریندر مودی کے اگلے لوک سبھا انتخاب لڑنے سے متعلق کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ نے بتایا کہ یہ سب حقیقت سے کافی دور ہے۔ اس غیر ضروری خبر کویوں ہی پھیلا دیا گیا ہے ۔مقامی میڈیا میں یہ خبریں عام ہیں کہ جنوبی ریاستوں میں بی جے پی کے اثر ورسوخ کو مزید بڑھانے کے مقصد سے مودی کسی جنوبی ریاست سے لوک سبھا کا چناؤ لڑنا چاہتے ہیں۔ وارانسی جہاں سے وہ اس وقت نمائندگی کررہے ہیں کے علاوہ کرناٹک سے بھی چناؤ لڑنے کے امکانات ہیں ۔بی جے پی اس وقت جنوبی ہند کی کسی بھی ریاست میں برسراقتدار نہیں ہے ۔ کرناٹک واحد ریاست ہے جہاں بی جے پی کی اسمبلی اور کونسل میں اچھی نمائندگی ہے ۔ کرناٹک میں بی جے پی برسراقتدار بھی رہ چکی ہے ۔ لوک سبھا اور اسمبلی ضمنی انتخابات کے لئے امیدواروں کا انتخاب کرنے کے سلسلہ میں ایڈی یورپا مختلف پارٹی لیڈروں سے ملاقاتیں کررہے ہیں ۔ بروزچہارشنبہ امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 10؍اکتوبر کو ہم نے کور کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں دو اسمبلی اور تین لوک سبھا حلقوں میں ضمنی انتخابات کے امیدواروں کی فہرست تیار کی جائے گی اور منظوری کے لئے پارٹی کے قومی صدر کو روانہ کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ امیدواروں سے متعلق اس وقت پارٹی میں بحث جاری ہے ۔الیکشن کمیشن نے بروز ہفتہ کرناٹک کے دو اسمبلی اور تین لوک سبھا حلقوں میں ضمنی انتخابات کروانے کا اعلان کیا ہے۔جس کے نتیجہ میں مختلف سیاسی پارٹیوں نے اپنی سرگرمیاں تیز کردی ہیں ۔


Share: