ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / میرا تعلق نہ ڈرگ مافیا سے ہے اور نہ سنجنا سے: ضمیراحمد خان

میرا تعلق نہ ڈرگ مافیا سے ہے اور نہ سنجنا سے: ضمیراحمد خان

Sun, 13 Sep 2020 11:47:45    S.O. News Service

اداکارہ ساتھ نہیں تھی، سمبرگی کا اعتراف۔کیسینو جانا غیر قانونی تو نہیں:کمارسوامی

بنگلورو،13؍ستمبر (ایس او نیوز) سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی بی زیڈ ضمیراحمد خان پر ایک سماجی کارکن پرشانت سمبرگی کی جانب سے لگائے گئے الزام نے ایک نیا موڑ اختیار کرلیا ہے۔ ڈرگس مافیا کی جانچ کررہی سی سی بی پولیس نے آج سمبرگی کو طلب کرکے پوچھ تاچھ کی۔ اس پوچھ تاچھ کے دوران خود سمبرگی نے یہ اعتراف کیاہے کہ انہو ں نے صرف اتنا کہا تھا کہ ضمیراحمد خان سری لنکا کے کولمبو گئے تھے، میں نے ان پر کبھی بھی یہ الزام نہیں لگایا کہ ان کے ساتھ فلم اداکارہ سنجنا گلرانی تھیں اور ڈرگس مافیا کے ساتھ ضمیراحمد کا تعلق ہے۔ سی سی بی کی پوچھ گچھ مکمل کرکے سی سی بی دفتر سے باہر آنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سمبرگی نے کہا کہ میں نے کبھی نہیں کہا تھا کہ ضمیراحمد ڈرگس معاملہ میں ملوث ہیں۔میں نے اپنی فیس بک پر بھی اس کا ذکر نہیں کیا۔میں نے صرف اتنا کہا تھا کہ ضمیراحمد کولمبو گئے تھے۔ میں نے یہ بھی نہیں کہا کہ سنجنا ان کے ساتھ تھی۔ ہاں میں نے یہ ضرور کہا تھا کہ شیخ فاضل کولمبو میں کیسینو چلاتا ہے۔اس کے ڈرگس مافیا سے تعلقات ہوسکتے ہیں۔لیکن فاضل پر انہوں نے جو الزام لگایا ہے اس سے سی سی بی مطمئن نہیں۔ مجھ سے ثبوت مانگے گئے۔ میں نے سی سی بی سے کہا کہ میں ثبوت اکٹھا کرنے کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ضمیراحمد کے ساتھ سنجنا تھیں اس کا بھی کوئی ثبوت نہیں ہے۔سمبرگی کے اس اعتراف سے یہ واضح ہے کہ سمبرگی نے ضمیراحمد کے تعلق سے جو کہا تھا اسے میڈیا نے ہمیشہ کی طرح کچھ اور ہی ٹیلی کاسٹ کیا ہے۔ 

ضمیراحمد کا اعتراف: رکن اسمبلی ضمیراحمد خان نے اس معاملے میں کہاکہ یہ سچ ہے کہ میں کولمبو گیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کیسینو کو جانا کیا غیر قانونی ہے؟ ہاں کیسینو کو ہم سب سابق وزیراعلیٰ کمارسوامی کے ساتھ پارٹی معاملہ پر بات چیت کرنے گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل میں جے ڈی ایس میں تھا۔ اس وقت پارٹی کے 26/اراکین اسمبلی کمارسوامی کے ساتھ سری لنکا گئے تھے۔یہ خبر جاتے وقت اور آنے کے بعد بھی اخباروں میں شائع ہوئی تھی اور الیکٹرانک میڈیا نے بھی نشر کیا تھا۔ ہم تمام وہاں کیسینو کو بھی گئے تھے، یہ غیر قانونی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاستدان کیسینو جاتے ہیں، یہ عام ہے جن میں بی جے پی والوں کی اکثریت ہے۔ان کے خلاف کوئی کیوں نہیں کہتا؟ یہ سچ ہے کہ میں کیسینو گیا تھا لیکن میرے ساتھ اداکارہ سنجنا نہیں تھیں۔ ڈرگس مافیا سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔

ضمیراحمد کا چیلنج: ضمیراحمد نے چیلنج کیا کہ ڈرگس مافیا کے ساتھ میرا تعلق ہونے کا الزام ثابت ہوا تو میں اپنے سارے اثاثے حکومت کو منتقل کردوں گا۔ ضمیراحمد نے یہ بھی کہا کہ ہر سال میں کولمبو جاتا رہتا تھا لیکن پچھلے ڈیڑھ سال سے میں وہاں نہیں گیا۔مجھے کولمبو کیوں نہیں جانا چاہئے؟ اس میں حرج ہی کیا ہے؟ میرے یادیگر سیاستدانوں کے کیسینو کو جانے کے معاملہ کو بڑھاچڑھا کر پیش کرنا درست نہیں۔ کیسینو کو جانا غلط اور غیر قانونی تو نہیں؟

ہم کولمبو گئے تھے۔کمارسوامی: جے ڈی ایس لیڈر وسابق وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے آج کہا کہ یہ سچ ہے کہ ہم کولمبو گئے تھے، لیکن چھپ کر نہیں کھلے عام گئے تھے جس کی خبریں شائع ہوچکی ہیں۔ اس سفر میں بشمول ضمیراحمد خان، جے ڈی ایس کے 26/ اراکین اسمبلی بھی ساتھ تھے۔ لیکن اس وقت ضمیراحمد کے ساتھ سنجنا یاد وسری فلم اداکارہ نہیں تھی۔ ہماری پارٹی اُمور کے سلسلہ میں ہم سب کولمبو گئے تھے، اس میں غلط کیا ہے؟ اس دوران کولمبو میں ہم ایک کیسینو بھی گئے تھے کیا یہ غیر قانونی ہے؟ انہوں نے بتایا کہ کولمبو کو یہ ان کا پہلا اور آخری دورہ تھا۔

ڈی کے سریش: اس معاملہ میں اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے رکن پارلیمان ڈی کے سریش نے کہا کہ کورونا جیسی جان لیوا بیماری پر قابو پانے میں حکومت ناکام ہے اس لئے لوگوں کی توجہ اس سے ہٹانے کے لئے ریاستی بی جے پی حکومت اب دیگر پارٹیوں کے سیاستدانوں پر طرح طرح کے الزامات لگانے کی کوشش کررہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اب سی سی بی کے سامنے الزام لگانے والے پرشانت سمبرگی نے خود اعتراف کیا ہے کہ میں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ ضمیراحمد کا تعلق ڈرگس مافیا سے ہے، اس کے بعد اس معاملہ کویہیں ختم کردینا چاہئے۔


Share: