میسورو،26؍مئی (ایس او نیوز)پی پی ای کٹ پہن کر ڈپٹی کمشنرروہنی سندوری نے گذشتہ روز شہرکے کے آر اسپتال میں زیر علاج بلاک فنگس کے مریضوں کی عیادت کی اوران کی صحت کے بارے میں تفصیلی جانکاری حاصل کی۔میسور میں بلاک فنگس کے 21معاملات پائے گئے ہیں،ان میں سے کے آر اسپتال میں 17،جے ایس ایس اسپتال میں 3اوراپولواسپتال میں ایک مریض زیر علاج ہے۔بلاک فنگس کاشکار مریضوں میں سے اب تک ایک شخص کی موت بھی ہوئی ہے۔
ڈپٹی کمشنرنے مریضوں سے ملاقات کرکے بات چیت کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے خطاب کیااورکہاکہ بلاک فنگس کے مریضوں کا علاج کیاجارہاہے،اس مرض کی علامتیں پائی جانے والے مریضوں کو چاہئے کہ جتنی جلدی ہوسکے اسپتال آئیں اور اپناعلاج شروع کرائیں۔انہوں نے کہاکہ اب تک کئی افراد کی آنکھوں تک کا آپریشن کیا جاچکاہے۔ایک طرف ناک سے پانی بہنا، سر میں شدید درد کی شکایت یہ بلاک فنگس کی علامتیں ہیں،اب کے آر اسپتال میں زیر علاج مریضوں کی حالت پہلے کے مقابلے بہتر ہے،بلاک فنگس کے مریضوں کے مکمل علاج کے لئے پورے تین ہفتوں کی ضرورت ہے،میڈی ٹیشن اور سرجری ہی اس کا علاج ہے۔ابتدائی مرحلے میں ہے تواسے دوائیوں سے پی کیور کیاجاسکتاہے،مگر بعدمیں آنے والے مریضوں کو سرجری کرنی پڑتی ہے۔
انہوں نے عوام سے گذارش کی کہ اس سلسلے میں خصوصی توجہ دیں۔حکومت کی طرف سے فی الحال رہنماہدایت جاری کی جاچکی ہے۔تمام ڈپٹی کمشنروں کو اسپتالوں کا دورہ کرکے مریضوں کا حال دریافت کرنے اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے،جس کے تحت کے آر اسپتال کا انہوں نے دورہ کرکے جائزہ لیاہے۔روہنی نے بتایاکہ انہوں نے اب تک دومرتبہ اس اسپتال کادورہ کرچکی ہیں اور مریضوں کا حال دریافت کیاہے۔ فی الحال بلاک فنگس کوپھیلنے سے روکنے کیلئے اقدامات کئے جا ر ہے ہیں اور تعلقہ انتظامیہ کو بھی پوری ذمہ داری کے ساتھ کام انجام دینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔جے ایس ایس اسپتال والوں نے بھی دوائیوں کی مانگ کی ہے،حکومت کو خط لکھاجائے گااور گزارش کی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ فی الحال جوبھی میڈیسن دستیاب ہے اس کا استعمال کرکے انسانوں کی زندگی بچانے کی کوشش کریں۔ اسپتال میں داخل ایک شخص نے ڈپٹی کمشنرکوبتایاکہ ان کے گھر کے تین افراد اس بیماری کا شکار ہوئے ہیں اورگھروں میں ہی اپناعلاج کروارہے ہیں،تمام کی طبیعت ٹھیک ہے،کووِڈ ٹسٹ رپورٹ بھی نگیٹیوآئی ہے اور وہ روزانہ ٹسٹ کروارہاہے اوررپورٹ بھی نگیٹیو آئی ہے۔