دھرم شالہ ،17؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ہماچل کے کانگڑا ضلع کے میکلوڈ گنج میں گذشتہ شب آپسی جھگڑے کی وجہ سے سکھ ریجمنٹ کے ایک جوان نے اپنے دو ساتھیوں کو گولی مارکر ہلاک کر ڈالا۔ ملزم جوان کی بھی اس واقعہ میں موت ہو گئی۔ ملزم جوان جسبیرسنگھ(21سالہ)،18سکھ ریجمنٹ پنجاب کے ضلع برنالہ کا رہنے والا تھا۔ اس گولہ باری میں ہلاک ہوئے دو دیگر جوانوں کے پہچان حوالدار ہردیپ سنگھ(43سال)، 18سکھ ریجمنٹ، ساکن ضلع ترنتارن، پنجاب اور نائک ہرپال سنگھ(35)، 18سکھ ریجمنٹ، پنجاب کے ضلع گرداس پورکے طور پر ہوئی ہے۔ تینوں دھرم شالہ کے میکلوڈ گنج میں 18سکھ ریجمنٹ میں تعینات تھے۔ کانگڑا کے پولس سپرنٹنڈنٹ پٹیال نے بتایا کہ واقعہ گذشتہ شب سوا دو بجے کا ہے جب18سکھ ریجمنٹ کے تین جوانوں نے آپسی تنازعہ میں ایک دوسرے پر گولی چلادی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولس موقع پر پہنچ گئی۔ معاملہ کی جانچ جاری ہے۔ اب تک واقعہ کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے ۔ جانچ میں اب تک یہ پتہ چلا ہیکہ ایک جوان ڈیوٹی پر تھا اور دو جوان واردات کے وقت سو رہے تھے۔ پولس کو موقع سے تین لاشیں برآمد ہوئی ہیں ۔ ان کے ہتھیار بھی ساتھ تھے۔ ایس پی کانگڑا بدری سنگھ نے بتایا کہ پہلی نظر مین یہی لگ رہا ہے کہ آپسی جھگڑے کے بعد ان میں گولہ باری ہوئی۔ انہوں نے کہا جانچ کے بعد ہی پتہ چل سکے گا کہ یہ موتیں کیسے ہوئیں۔ اب تک یہ بھی واضح نہیں ہو سکا ہے کہ کس نے کس پر گولی چلائی۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملزم نے اپنے دو ساتھیوں کو گولی مارنے کے بعد خود کو بھی گولی مارلی جس سے اس کی بھی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ معاملہ کی جانچ جاری ہے۔